تمام بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوںپر آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور افرادکی چیکنگ میں کوتاہی نہ برتی جائے‘ کیپٹن (ر) عارف نواز

چیک پوسٹوں پر بائیو میٹرک ڈیوائس کے آپریشنل ہونے کو ہر صورت یقینی رکھا جائے ،انکی باقاعدگی سے چیکنگ کو شعار بنایا جائے‘ آئی جی پنجاب

جمعرات 17 اگست 2017 20:53

تمام بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوںپر آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ تمام بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوںپر آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور افرادکی چیکنگ میں کوتاہی نہ برتی جائے ،تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں خاص کر اٹک ،میانوالی ، بھکر اور راولپنڈی کی بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ بھی دی جائے ،ان تمام چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ ان کی ذرا سی غفلت کسی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے ، لہذا یہاں آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور افراد کو توجہ اورالرٹ ہو کر چیک کیاجائے خاص کر برقع پوش خواتین کی چیکنگ سے قبل انکے پاؤں پر نظر ضرور رکھی جائے جس سے یہ اندازہ کرنا آسان ہوگا کہ برقع پوش مرد ہے یا خاتون ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی ، امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ، اظہر حمید کھو کھر ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ، محسن حسن بٹ ، ڈی آئی جی آپریشنز ، عامر ذوالفقار خان ، ڈی آئی جی ، ہیڈ کوارٹر بی اے ناصر، ڈی آئی جی ، آر اینڈ ڈی احمد اسحاق جہانگیر ، ڈی آئی جی ، ڈویلپمنٹ کامران خان ، ڈی آئی جی ، پی ایچ پی غلام محمود ڈوگر ، اے آئی جی آپریشنز ، وقار عباسی ، اے آئی جی لاجسٹکس، رائے بابر سعید سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

آئی جی نے اجلاس میں مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور دریائی چیک پوسٹوں کا عملہ، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر وسائل صرف چیک پوسٹوں کے لیے ہی استعمال میں لائے جائیں اوریہ وسائل کسی طور ضلع میں زیر استعمال نہ لائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی چیک پوسٹوںاورموٹر وے سے منسلک پوائنٹوں پر تعینات عملے کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او چکوال سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر تمام ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان چیک پوسٹوں کو ہر 15روز بعد خود چیک کیا کریں اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈیوٹی کی حساسیت کے حوالے سے بریف بھی کیا کریںآئی جی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام چیک پوسٹوں پرگاڑیوں کی چیکنگ اور نگرانی میں استعمال ہونے والے تمام آلات بشمول سی سی ٹی وی کیمرے، اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سافٹ وئیر سسٹم اور انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کی سنٹرل پولیس آفس میں آن لائن مانیٹرنگ کو مزید مئوثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان چیک پوسٹوں پر بائیو میٹرک ڈیوائس کے آپریشنل ہونے کو ہر صورت یقینی رکھا جائے اوران کی باقاعدگی سے چیکنگ کو شعار بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :