معیاری اشیائے صرف اور اعلیٰ خدمات عوام کا بنیادی حق ہے،

گورنر سندھ محمد زبیر ملک کی زیادہ ترآبادی مسلمان ہونے کے باوجود ملک میں ہلال فوڈ آئٹمزکی تصدیق کا کوئی ادارہ نہیں ہے، کوکب اقبال چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن

جمعرات 17 اگست 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) مارکیٹ میں مسابقت کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے معیاری اشیائے صرف اور اعلیٰ خدمات کی فراہمی ناگزیر ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ملکی صنعتیں اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں صارف کو بہترین اور اعلیٰ درجے کی خدمات اور مصنوعات کی فراہمی میں اپنا کردار بخوبی ادا کرکے عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ بھرپور طریقے سے ڈالیں گی۔

ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ محمد زبیر نے کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام گورنر ہائوس میں منعقدہ 12ویں کنزیومر چوائس ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی کیا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بحیثیت صارف عوام میں معیاری اشیاء اور خدمات کے حصول میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آرہاہے جو کہ ایک صحت مند معاشرے کی عکاسی اورمینوفیکچررز اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے مابین مثبت اور بہتر سے بہتر ین مقابلے کی فضا کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا،اس موقع پر گورنر سندھ نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے کنزیومر ایکٹ کے تحت صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کے تحت ایک کنزیومر رائٹ کونسل تشکیل دی ہے جو کہ گورنر ہاوس میں عوامی نوعیت کے معاملات کا بغور جائزہ لیتی ہے، اس موقع پر گورنر سندھ محمد زیبرنے کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ آج کا صارف اپنی مرضی کی اعلیٰ اور معیاری اشیاء کے انتخاب میں آزاد اور پہلے سے زیادہ آگاہ ہے، جس کا سہرا صارف کے حقوق کا تحفظ کرنے والی کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کو جاتا ہے جس نے عوام کو اپنے پلیٹ فارم سے آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کنزیومر کورٹ کے قیام پر کنزیومر ایسوسی ایشن کی کاوشوںکو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مارکیٹ میں غیر معیاری اشیائے صرف کی روک تھام اور ان کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی معیاری اشیائے صرف اور اعلیٰ خدمات کی فراہمی کا سفر جاری رکھتے ہوئے اگلا کنزیومر چوائس ایوارڈ بھی حاصل کریں گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کنزیومر ایسو سی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے کہا کہ ملک کی زیادہ ترآبادی مسلمان ہونے کے باوجود ملک میں ہلال فوڈ آئٹمزکی تصدیق کا کوئی ادارہ نہیں ہے، دوسرے ملکوں کی طرح کھانے پینے کی اشیاء کو چیک کرنے کے لیے ملکی سطح پر ایسی اتھارٹیز کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے جو معیاری اور غیر معیاری میں فرق کرکے انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلے جانے والے خوفناک کھیل کا خاتمہ کرسکے انھوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں موجود ادارے اپنا کام ٹھیک طرح سے نہیں کررہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو غیر معیاری اشیائے صرف کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرز پر سندھ میں بھی فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے ۔اس کے علاوہ کنزیومر کورٹس بھی بنائی جائیں تاکہ صارفین کو انصاف فراہم کیا جاسکے ۔کوکب اقبال کا کہنا تھا کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کو کنزیومر رائٹ کونسل میں جلد شامل کیا جائے اور صوبے بھر میں کھلے کھانے کے آئل پر پابندی لگائی جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کنزیومر چوائس ایوارڈز کی تقریب کا مقصد ملک میں معیاری اشیائے صرف اور خدمات کی حوصلہ افزائی اور عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر اعزازی کونسل جنرل ملائیشیا محمد اسماعیل، سی ای او انڈس موٹر ٹویوٹا علی اصغر جمالی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی خالد صدیق، سی ای او ناہید سپر مارکیٹ ابرار الدین، چیف مارکیٹنگ آفیسر شاہین ایئر ز بھی موجود تھے ۔

آخر میں گورنر سندھ محمد زبیرنے ایوارڈز کے کوالیفائی کرنے والی کمپنیز کے نمائندوں ایوارڈز تقسیم کیے، یاد رہے کہ کنزیومر چوائس ایوارڈ 2017میں 14خصوصی کیٹگریز سمیت سی ای او آف دی ایئر کے ایوارڈز دیئے گئے، جبکہ مختلف شعبہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، ممتاز صنعتکاروں سمیت غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 12ویں کنزیومر چوائس ایوارڈز کے لیے انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ، شاہین ایئر، کوکا کولا، ڈالڈافوڈز، ناہید سپر مارکیٹ ، گلف ایئر، فورول کاسمیٹکس، بینک الفلاح، نیسلے پاکستان ، مولٹی فوم ، یونیک اور آڈیونک سمیت دیگر کمپنیوں کا تعاون حاصل تھا۔

متعلقہ عنوان :