میاں صاحب اپنی عقلمندی کی وجہ سے آج یہ دن دیکھ رہے ہیں، خورشید شاہ

ملک میں کوئی سیاسی بحران نہیں صرف ایک جماعت میں بحران ہے، چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے بطور اپوزیشن لیڈر بہتر اور غیر متنازعہ شخص کی تلاش میں ہوں، قائد حزب اختلاف

جمعرات 17 اگست 2017 19:32

میاں صاحب اپنی عقلمندی کی وجہ سے آج یہ دن دیکھ رہے ہیں، خورشید شاہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے بطور اپوزیشن لیڈر بہتر اور غیر متنازعہ شخص کی تلاش میں ہوں جبکہ میاں صاحب اپنی عقلمندی کی وجہ سے آج یہ دن دیکھ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی سیاسی بحران نہیں صرف ایک جماعت میں بحران ہے،نوازشریف کی جنگ اس وقت عدلیہ کے ساتھ چل رہی ہے،پیپلزپارٹی نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ ٹی او آرز بنائے لیکن(ن) لیگ خود پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہٹ گئی،جب پارلیمنٹ کو خطرہ تھا تو پیپلزپارٹی سسٹم کو بچانے کیلئے آئی مگر اب نہ تو پارلیمنٹ کو خطرہ ہے نہ جمہوریت کو بلکہ خطرہ صرف نوازشریف کو ہے اور نوازشریف نے کئی بار کہا کہ عدالتوں کا فیصلہ قبول کرنا چاہئے،مگر آج جب ان کے خلاف فیصلہ آیا تو وہ عدلیہ کو ڈرانے دھمکانے کے ساتھ ساتھ عدالت عظمیٰ کا تقدس بھی پامال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم1977ء سے عدلیہ کا سامنا کرتے آرہے ہیں لیکن کبھی عدلیہ پر حملہ نہیں کیا جبکہ نوازشریف کو نااہل کرنے سے قبل ججز نے ان کو ثبوت پیش کرنے کا وقت دیا،مگر میاں صاحب ھة کام رہے اور آج کہتے ہیں تنخواہ نہیں لی اس لئے نکال دیا،میاں صاحب بتائیں اکاؤنٹ میں جو پیسے منتقل ہوئے ان کا حساب کون دے گا اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نیب کو شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ بروقت دینا ہے اور اس کے لئے سپریم کورٹ نیب کے اوپر نگرانی کرے گی جبکہ چیئرمین نیب کا تقرر کا عمل اکتوبر میں مکمل ہونا ہے اور بطور اپوزیشن لیڈر چیئرمین نیب کا چناؤ بہت اہم ذمہ داری ہی۔