امریکا کے فرنیچرتیارکنندگان کا اعلیٰ سطح کا وفد 21اگست سے پاکستان کا پانچ روزہ دورہ کریگا

فرنیچر کی صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری اورپاکستان اورامریکا کے درمیان موجودہ تجارتی رابطوں کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیں گے

جمعرات 17 اگست 2017 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) امریکا کے فرنیچرتیارکنندگان کا اعلیٰ سطح کا وفد 21اگست سے پاکستان کا پانچ روزہ دورہ کریگا،امریکی وفد فرنیچر کی صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری اورپاکستان اورامریکا کے درمیان موجودہ تجارتی رابطوں کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔یہ بات پاکستان فرنیچرکونسل کے سربراہ میاں کاشف اشفاق نے امریکا کے دوہفتے کے دورے سے واپسی پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اپنے دورے کو کامیاب قراردیتے ہوئے کہاکہ امریکا میں فرنیچر کی صنعت سے وابستہ تیارکنندگان کے ساتھ ان کی ملاقاتیں بہت مفید رہی ہیں اورامریکی فرنیچر تیارکنندگان نے پاکستان میں ہاتھوں سے بنائے ہوئے فرنیچر کی صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہرکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہاتھوں سے بنائے ہوئے فرنیچر کی صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہرکرنے والے تیارکنندگان وسرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی اوراس دوران پاکستان فرنیچرکونسل کی جانب سے انہیں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ امریکی وفد میں معروف امریکی فرنیچر تیارکرنے والی کمپنی ایشلے فرنیچرانڈسٹری کے بلال ساگلام اورمس گائیزم سیگڈیم بھی شامل ہیں جو پاکستانی فرنیچرتیارکنندگان سے ون ٹو ون ملاقاتوں کے علاوہ کھڑیانوالہ میں فرنیچرکی فیکٹری کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے علاوہ امریکی وفد کے اعزازمیں کونسل کی جانب سے استقبالیہ بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ایشلے فرنیچرانڈسٹری عالمی شہرت یافتہ برانڈ ہے ، اس کا سالانہ منافع4.6 ارب ڈالر ہے اور دنیابھر میں اس کے 26 ہزار ملازمین کام کررہے ہیں، پاکستان کیلئے یہ ایک اعزازکی بات ہے کہ ایک بڑی امریکی کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکررہی ہے۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ دنیابھر میں فرنیچرکی صنعت کا سالانہ حجم 23.2ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جس میں 77فیصد لکڑی سے بنے فرنیچر کا حصہ ہے، اس وقت فرنیچر کی برآمدات میں اٹلی سرفہرست ہے جبکہ جرمنی اور کینیڈا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ امریکا دنیا میں فرنیچر کی درآمدات کے حوالے سے سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان فرنیچر انڈسٹری میں ممتاز مقام رکھتاہے تاہم استعداد کے مقابلے میں ہماری برآمدات بہت کم ہیں اورضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی فرنیچرکیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جائیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستانی فرنیچرکی سالانہ برآمدات 8سے لیکر 12ملین ڈالر تک ہیں جو استعداد سے بہت ہی کم ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکی وفد کے دورے کے دوران ایشلے اور پاکستانی برانڈ چین ون کے درمیان مفاہمت کی ایک دستاویزپر دستخط ہوں گے،اس سمجوتے سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ماہرین اورمشینری کے تبادلے اور استعدادکارمیں بہتری آئے گی

متعلقہ عنوان :