مقبوضہ کشمیر : شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

نوجوا ن کی شہادت پر پلوامہ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال

جمعرات 17 اگست 2017 19:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان ایوب للہاری کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ نوجوان کو بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعروں کی گونج میں ضلع پلوامہ کے علاقے للہار میں اپنے آبائی قبرستان سپردخاک کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قابض فوجیوں نے ایوب للہاری کو بدھ کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے بانڈر پورہ میں شہید کیا تھا ۔

بھارتی پولیس نے دعوی ٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والا نوجوان ایک مجاہد تنظیم کا ضلعی کمانڈر تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندیوں اور راستے سیل کیے جانے کے باوجود ہزاروں لوگوںنے شہید نوجوان کے آبائی گائوں للہار کی طرف مارچ کیا۔

(جاری ہے)

وہ باغات اور کھیتوں کے راستوں سے اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

لوگوں کی کثیر تعداد کے باعث شہید کی دو مرتبہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ انہوںنے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ دریں اثنا نوجوان کی شہادت پر پلوامہ ، کاکہ پورہ، پامپور اور اور دیگر علاقوں میں جمعرات کے روز مکمل ہڑتال کی گئی۔تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔