اعلیٰ قیادت مشاورت سے پنجاب میں پیپلزپارٹی کی بھرپور الیکشن مہم چلائے گی‘مخدوم احمد محمود

نواز شریف حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتے انکا کھیل ختم اور وہ قصہ ماضی بن چکے ہیں‘ عبدالقادر شاہین

جمعرات 17 اگست 2017 19:53

اعلیٰ قیادت مشاورت سے پنجاب میں پیپلزپارٹی کی بھرپور الیکشن مہم چلائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) پاکستا ن پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت واضح کر چکی ہے کہ موجودہ حالات میں مسلم لیگ ن سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہو سکتا۔ نواز شریف خود کو بچانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں ان کے بچنے اور پکڑے جانے سے کوئی غرض نہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں اتر چکے ہیں۔

جس سے پارٹی کی عوام میں مقبولیت کا اضافہ ہو گا۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل و منشور کمیٹی کے رکن عبدالقادر شاہین کی قیادت میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ پیپلز پارٹی کے خاتمے کی باتیں اور دعوے کرنیوالوں کی سیاست ختم ہو چکی اب میدان پنجاب میں لگے گا۔

(جاری ہے)

پارٹی کی اعلیٰ قیادت سینٹرل اور جنوبی پنجاب کی صوبائی قیادت کی مشاورت سے پنجاب میں پیپلزپارٹی کی بھرپور الیکشن مہم چلائے گی۔ اس سلسلے میں ہوم ورک اپنے آخری مراحل میں ہے اس موقع پر عبدالقادر شاہین نے کہا کہ نواز شریف حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتے انکا کھیل ختم اور وہ قصہ ماضی بن چکے ہیں۔ اب وہ مگر مچھ کے آنسو بہا کر عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

اب انہیں اقتدار سے الگ کیے جانے کے بعد جمہوری اقدار یاد آنے لگی ہیں پارلیمان کو مضبوط کرتے تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے اب انہیں وسیع البنیاد سیاسی ڈائیلاگ اور میثاق جمہوریت کی بھی یاد ستانے لگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا یہ وطیرہ کوئی نیا نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی میدان میں ان کی بات پر کوئی یقین کرنے کے لیے کئی بار سوچتا ہے۔

متعلقہ عنوان :