ضابطے کار پر عمل نہ کرنے والے بینک منیجر اور سیکورٹی کمپنی کے خلاف کاروائی ہوگی، سہیل انور سیال

جمعرات 17 اگست 2017 18:40

ضابطے کار پر عمل نہ کرنے والے بینک منیجر اور سیکورٹی کمپنی کے خلاف کاروائی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیر صدارت بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں کے روک تھام کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنے کے لئے اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ہوم سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور شہر کے تمام ڈی آئی جیز ،بینک نمائندگان، سی پی ایل سی اور آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کیاجلاس کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے متواتر ہونے والی بینک ڈکیتیوںپر ان کو سخت تشویش ہے اور اس ہی حوالے سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور پولیس افسران کا اجلاس بلایا گیا ہے تاکہ صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔

وزیر داخلہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے نمائندے نے بتا یا کہ مرکزی بینک کی جانب سے تمام کمرشل اور پرائیوٹ بینکو ں کا سیکورٹی آڈٹ باقاعدگی سے کیا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ تمام بینکوں میں سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا گیا ہو ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے پولیس اور سیکورٹی اداروں کو واضع ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سرکاری اور نجی بینکوں کے تحفظ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کئے گئے حفاظتی اقدامات کا تمام بینک اہتمام کریں بصورت دیگر ڈکیتی ہونے کی صورت میں بینک منیجر اور سیکورٹی کمپنی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیاجائے گا ۔

انہو ں نے بینکوں پر تعینات محافظوں کی ٹریننگ کے حوالے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ تو اپنے پولیس افسران کو بینکوں کو محفوظ بنانے کے لئے سخت ہدایات جاری کررہی ہے مگر بینک مالکان اور سیکورٹی کمپنیوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے مرتب کئے گئے حکم نامے کی تعمیل کی جائے۔سہیل انور خان سیال نے خصو صی ہدایت کی کہ بینکوں کو محافظ فراہم کرنے والی سیکورٹی کمپنیاں اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکورٹی گارڈز کی باقاعدہ تربیت اور ریفریشر کورسز کا اہتمام کیا جائے اور جو بینک مرکزی بینک کی سیکورٹی ہدایات پر عمل نہ کریں ان کی نشاندہی کریں۔

وزیر داخلہ سندھ نے حکومت سندھ کی جانب سے بینک نمائندوں کو مکمل تعاون کی یقین دھانی کرواتے ہوئے کہا کہ بینک مالکان اور سیکورٹی کمپنیوں کے ساتھ پالیسی سازی اور مربوط حکمت عملی طے کرنے کے لئے ڈی آئی جی سی آئی ڈی کوذمہ داری دی گئی اور بینک نمائندوں ، سندھ پولیس، سیکورٹی کمپنیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو کہ ایک مہینے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

متعلقہ عنوان :