نواز شریف قدم قدم پرعدلیہ کی توہین اور آئینی اداروں کی تضحیک کے مرتکب ہورہے ہیں،

حکومتی اداروں کیخلاف عوامی بغاوت کی بات کر کے سابق وزیراعظم نے جو جرم کیاہے اس کی پاداش میں آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی ہونی چاہئے صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود کا مشترکہ بیان

جمعرات 17 اگست 2017 18:20

نواز شریف قدم قدم پرعدلیہ کی توہین اور آئینی اداروں کی تضحیک کے مرتکب ..
بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اگست2017ء) ،مخدوم سید احمد محمود صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ نواز شریف قدم قدم پرعدلیہ کی توہین اور آئینی اداروں کی تضحیک کے مرتکب ہورہے ہیں،آئینی اداروں کی تضحیک اور اداروں کے خلاف عوامی بغاوت کی بات کر کے نواز شریف نے جو جرم کیاہے اس کی پاداش میں آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی ہونی چاہئے،پنڈی سے لاہور ریلی میں ہونے والے سرکاری وسائل کی لوٹ کھسوٹ پر شریف برادران کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔

بروز جمعرات ان خیالات کا اظہار انہوں نے نتاشا دولتانہ جنرل سیکریٹری،شوکت بسراء سیکریٹری انفارمیشن،محمد سلیم بھٹی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کے ہمراہ جاری کردہ کردہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت نواز شریف کی ساری سیاسی سرگرمیاں توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہیں لہذاعدلیہ کو چاہئے کہ وہ توہین کرنے والے تمام سیاسی و سرکاری افراد کے خلاف کاروائی کرے،پاکستان پیپلز پارٹی کی ساری قیادت نے بھٹو دور سے لیکر آج دن تک ہمیشہ آئینی اداروں کی حیثیت کو مانتے ہوئے ہمیشہ انکا احترام کیا اور ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں کو تسلیم کیا،یوسف رضا گیلانی چاہتے تو وزارت عظمیٰ سے علیحدگی کے بعد عوامی عدالت میں جانے کا راستہ اپنا سکتے تھے لیکن ہم نے ہمیشہ استحکام پاکستان کے لئے کام کیا،نواز شریف اور ان کی مافیا نے جو کرپشن اور بے ایمانی کا راستہ اپنایا تھا اس کے ثبوت سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ چائنا تک چلے جاتے ہیں ،میاں صاحب نے ذاتی مفادات کے حسول کے لئے پاک چائنا تعلقات کو بھی دائو پر لگا دیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کا آئندہ سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوگا آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی ذیادہ ذور و شور سے کام کرے گے،بہت سے لوگ پارٹی جوائن کرنے کے لئے رابطے میں ہیں ۔سابق صدر ذرداری کی صلاحیتوں کی آج بھی ن لیگ بھیک مانگ رہی ہے لیکن ن لیگ کو ئی موقع نہیں ملے گا۔نواز شریف کے جانے سے جمہوری پراسیس مظبوط ہوا۔نواز شریف گئے ہیں لیکن جمہوریت اور جمہوری ادارے قائم ہیں۔

پاکستان کے نوجوان بلاول بھٹو کی قیادت میں جدوجہد کے لئے تیار ہیں ،جنوبی پنجاب کے عوام بلاول بھٹو کی پالیسیوں اور ذرداری کی فہم و فراست کے قائل ہیں۔وسیب کے عوام شریف فیملی کا احتساب کرتے ہوئے ان کی ہر لوٹ مار اور چیرہ دستی کا حساب لیں گے۔اب شریف برادران جیل کی کال کوٹھری ہی جائیں گے وہی ان کا مقدر ہے اقتدار کے ایوانوں میں ان کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔بلاول بھٹو اس ملک کے عوام کے بہتر مستقبل کے لئے عوامی راج اور بھٹو ازم قائک کر کے خوشحالی کے نئے راستے سجائیں گے۔