کاروبار کے فروغ کیلئے سی ڈی اے G-15سیکٹر کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے ، خالد اقبال ملک

جی پندرہ میں پانی کی قلت سمیت تاجر برادری کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ چوہدری زاہد فرید

جمعرات 17 اگست 2017 18:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ G-15سیکٹر میں ترقیاتی کاموں کی غیر تسلی بخش صورت حال کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مشکلات پیش آ رہی ہیں لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ جی پندرہ سیکٹر کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے تا کہ علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی پندرہ کی نومنتخب ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد فرید کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔خالد اقبال ملک نے وفد کو یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جی پندرہ سیکٹر کے مسائل کو ہر متعلقہ فورم پر اجاگر کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ مسائل جلد حل ہوں اور علاقے میں ترقیاتی کام بروقت مکمل ہونے سے عوام کی مشکلات کم ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلام آباد میں ایک متوازن قانون کرایہ داری کے نفاذ کے بارے میں چیمبر کی کوششوں سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے کہا کہ چیمبر نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کئے ہیں اور ان کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا تا کہ وفاقی دارالخلافہ میں مسائل حل ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کے دروازے تاجروں اور مارکیٹ یونینیوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور چیمبر جی پندرہ سیکٹر کے مسائل حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی پندرہ مرکز کی نومنتخب ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری زاہد فرید نے کہا کہ جی پندرہ سیکٹر میں آزاد جموں و کشمیر کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی سی ڈی اے بائی لاز کے تحت کام کر رہی ہے لیکن سی ڈی اے اس سیکٹر کی بہتر ترقی پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔

انہوں نے کہا کہ جی پندرہ میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے تاجر برادری سمیت عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ جی پندرہ یونین کے سرپرست اعلیٰ سردار ایاز خان نے کہا کہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر مذکورہ قانون کا مسودہ پارلیمنٹ سے پاس کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ظفر بختاوری، اجمل بلوچ، سردار ایاز خان، یوسف راجپوت اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے سے جی پندرہ سیکٹر کے مسائل جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :