لاہور، بیگم کلثوم نواز اچانک لندن روانہ ہو گئیں

وہ لندن میں 38 روز تک قیام کریں گی واپسی 23 ستمبر کو ہوگی

جمعرات 17 اگست 2017 17:57

لاہور، بیگم کلثوم نواز اچانک لندن روانہ ہو گئیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ اور این اے 120کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نوازگزشتہ صبح اچانک لندن چلی گئیں بتایاگیا ہے کہ بیگم کلثوم پی آئی اے کی پرواز 757 کے ذریعے گزشتہ صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے لندن کیلئے روانہ ہو ئیں اس حوالے سے شریف فیملی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق لندن میں اپنے طبی معائنے کیلئے گئی ہیں اور ان کی لندن روانگی کا شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا جبکہ بتایاگیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز لندن میں 38 روز تک قیام کریں گی اور ان کی واپسی 23 ستمبر کو ہوگی واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی امیدوار ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے حلقے میں الیکشن کا شیڈول 17 ستمبر کو جاری کررکھا ہے دوسری جانب این اے 120 میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمیشن نے بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ روز سہ پہر 3 بجے طلب کر رکھا تھا لیکن بیگم کلثوم نواز لندن روانگی کے باعث الیکشن کمیشن میں حاضر نہ ہو سکیں اور ان کی جانب سے ن لیگی رہنماء آصف کرمانی سمیت دیگر رہنماء ریٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئے واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے رولز کے تحت الیکشن میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے پیش ہونا ضروری نہیں امیدوار اپنی طرف سے کسی کو بھی اتھارٹی لیٹر دیکر کاغذات نامزدگی کے عمل کو پورا کروا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :