ایوب میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ کرپشن پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بورڈ آف گورنرز کی ازسرنو تشکیل کا حکم دیدیا

ڈاکٹراظہر، قلندر لودھی، مشتاق غنی اور سردار ادریس پر مشتمل وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات، کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

جمعرات 17 اگست 2017 16:31

ایوب میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ کرپشن پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بورڈ ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد میں مبینہ مالی کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کی ازسرنو تشکیل کا حکم دیدیا ہے جبکہ بورڈ آف گورنرز کی جانب سے مالی بدعنوانیوں میں ملوث پائے گئے ملازمین کو معاف کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے بی او جی اراکین کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے نئی ’’بی او جی‘‘ کی تشکیل اور اسے کالی بھیڑوں کو عہدوں سے ہٹانے کی ذمہ داری سونپتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کی سفارشات پر عمل کرے اور بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی عمل لاتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون، صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی، ہائر ایجوکیشن کے مشیر مشتاق احمد غنی اور سردار ادریس کے علاوہ صوبائی وزیرصحت شہرام خان تراکئی اور سیکرٹری صحت عابد مجید کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سی ایم ہائوس پشاور میں قریب دو گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں ایوب میڈیکل کمپلیکس میں علاج معالجہ کی سہولیات کو وسعت دینے اور انتظامی معاملات کی درستگی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور سرکاری وسائل میں بدعنوانی کے مرتکب افراد کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی ایبٹ آباد (واسا) کے حوالہ سے بھی ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں اراکین قومی و صوبائی، صوبائی وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری پبلک ہیلتھ اور واسا حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر واسا سے متعلق پریزینٹیشن بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ واسا کیلئے بلاتاخیر فنڈز جاری کئے جائیں، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ متعلقہ ریکارڈ اور عملہ واسا کے حوالہ کرے۔

گریوٹی فلو سکیم کے فعال حصوں اور متعلقہ ریکارڈ بھی واسا کو سونپنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ توسیعی کام گریوٹی فلو کا مکمل ہونے کے بعد اس کے توسیعی حصے بھی واسا کے حوالے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر موجود ہائیر ایجوکیشن کے مشیر مشتاق احمد غنی کو ڈگری کالج بوئی اور بکوٹ میں کلاسز کا اجراء رواں تعلیمی سال میں یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :