( ن) لیگ کا عوامی اعتماد کو بے توقیر کرنے کا غیر آئینی و قانونی سلسلہ ختم کرنے کیلئے نواز شریف کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان

سابق وزیراعظم بدستور مسلم لیگ (ن) کے قائد رہیں گے، ان کی قیادت میں پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حق حکمرانی کی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے

جمعرات 17 اگست 2017 16:20

( ن) لیگ کا عوامی اعتماد کو بے توقیر کرنے کا غیر آئینی و قانونی سلسلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اگست2017ء) حکمران جماعت نے عوامی اعتماد کو بے توقیر کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی سلسلہ ختم کرنے کیئے پارٹی قائد محمد نواز شریف کے ہر اقدام کا ڈٹ کر مکمل ساتھ دینے کا اعلان کر دیا، سابق وزیراعظم نواز شریف بدستور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد رہیں گے، ان کی قیادت میں پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حق حکمرانی کی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ اعلان جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں منظور متفقہ قراردادوں میں کیا گیا ہے۔ اجلاس چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق کی صدارت میں ہوا۔ قومی معاملات سیاسی صورتحال خارجہ امور، پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات سے متعلق 3الگ الگ قرار دادیں اتفاق رائے سے منظور کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

پہلی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس اپنے قائد محمد نواز شریف کے قائدانہ کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، صدر جماعت کے طور پر مسلم لیگ (ن) کو وفاق پاکستان کی مقبول ترین جماعت بنانے کیلئے ان کی جدوجہد، پاکستان کی سیاسی اور جماعتی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

انہوں نے آئین یک فرماں روائی، قانون کی سربلندی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ انہوں نے ’’اقتدار کی بجائے اقدار‘‘ کے اصول کی پاسداری کرتے ہوئے مفاہمت، ہم آہنگی اور یکجہتی کے کلچر کو فروغ دیا، ملک کو اندھیروں سے نکالنے، انفراسٹرکچر کی تعمیر، دہشت گردی کے خاتمے، جدید معیشت کی تعمیر، پاکستان کو اعلانیہ ایٹمی قوت بنانے، دفاع وطن کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے، چین پاکستان اقتصادی شاہراہ جیسا تاریخ ساز منصوبہ جاری کرنے، اقتصادی تعاون اور امن کو فروغ دینے کیلئے روس سمیت متعدد ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے اور پاکستان کو شنگھائی تنظیم برائے تعاون کا رکن بنانے کیلئے ان کا کردار پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے۔

اجلاس اس یقین کا اظہار کرتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو بدستور ان کی قائدانہ سرپرستی کا اعزاز حاصل رہے گا، وہ جماعتی منشور کی تکمیل کیلئے وفاق اور صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے، پاکستان کی مقبول ترین جماعت کے قائد اور قومی سطح کے مقبول ترین رہنما کے طور پر وہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حق حکمرانی کی تحریک جاری رکھیں گے تا کہ ہم وطن عزیز کو قائداعظم کے تصور اور عوام کی خواہشات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان بنا سکیں۔

یہ اجلاس اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ 70سالوں پر محیط عدم استحکام کے خاتمے اور عوام کے مینڈیٹ کو بے توقیر کرنے کا غیر آئینی اور غیر قانونی سلسلہ ختم کرنے کیلئے قائد مسلم لیگ (ن) جو قدم بھی اٹھائیں گے پوری جماعت ڈٹ کر ان کا ساتھ دے گی۔دوسری قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی معزولی کے خلاف اسلام آباد سے لاہور تک پرجوش اور بے مثل رد عمل کے اظہار اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر کروڑوں محب وطن اور جمہوریت دوست عوام کا پرخلوص شکریہ ادا کرتا ہے، یہ اجلاس قرار دیتا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں عوام کی طرف سے محبت و عقیدت اور یقین اور اعتماد کے ایسے مناظر کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں، عوام کی عدالت نے نواز شریف کی قیادت کے حق میں جو عادلانہ فیصلہ دیا ہے یہ اجلاس اس پر عوام کا خیر مقدم کرتا ہے، یہ اجلاس مسلم لیگ (ن) کے بہادر اور نڈر عہدیداروں ،کارکنوں، نوجوانوں، مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے اس سفر کے دوران موسم کی سختیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے نہ صرف سڑکوں پر بے تابی سے اپنے قائد کا پہروں انتظار کیا بلکہ آخری منزل تک ان کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔

یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ قوم اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کا یہی کردار قوم کے خوبصورت خوابوں کی عملی تعبیر کا ضامن ہے۔تیسری قرار داد میں قومی معاملات پر کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کی کابینہ پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے، اجلاس کے شرکاء کو یقین ہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ زیر تکمیل منصوبوں کی بروقت تکمیل پر پوری توجہ دے گی تا کہ پارٹی کے منشور کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کا سفر جاری رہے اور محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان کو اندھیروں سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی کا پھل قوم کی جھولی میں ڈالنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

یہ اجلاس دہست گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے اور شہداء کے ورثاء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے صبر و جمیل اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہے۔ یہ اجلاس آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی پر کاری ضرب لگانے پر مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی اجتماعی اور مربوط کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دلاتا ہے کہ انہیں مسلم لیگ (ن) کی مکمل سیاسی اور حکومتی حمایت اور سرپرستی حاصل رہے گی۔

یہ اجلاس خطے میں امن کے قیام کیلئے پوری دنیا بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کے قیام اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اجلاس اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور خطے کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔ یہ اجلاس مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کے راستے کو بہترین طرز عمل قرار دیتا ہے، اجلاس اس امر پر افسوس کا اظہار کرتا ہے کہ بھارت باہمی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے سے نہ صرف مسلسل گریز کر رہا ہے بلکہ پاکستان کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے۔

اجلاس نے مقبوضہ کشمیر میں جاری داخلی تحریک آزادی کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم عوام پر بھارتی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ بند کرنے کیلئے بھارت پر نا صرف دبائو ڈالے بلکہ استصواب رائے کیلئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تا کہ نا صرف مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق ملے بلکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔