وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے ارکان قومی اسمبلی کے وفد کی ملا قات

اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور زیر تعمیر منصوبوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ارکان اسمبلی عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تندہی سے کام کریں ،شاہدخاقان عباسی

جمعرات 17 اگست 2017 15:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے ارکان قومی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی جس میں ارکان نے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور زیر تعمیر منصوبوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ جمعرات کے روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ارکان قومی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی،جس میں ملک کے سیاسی صورتحال سمیت اپنے حلقے کی عوام کے مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا،وزیراعظم نے کہا کہ ارکان اسمبلی عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تندہی سے کام کریں اور تعمیری منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی ذاتی طور پر کروں گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی عوام کے مسائل سمیت جاری منصوبوں کی تکمیل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہاں سی پیک سمیت گوادر بندرگاہ اور دیگر منصوبے جاری ہیں،حکومت بلوچستان میں امن عامہ بہتر بنانے کیلئے اور بلوچستان کو وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کیلئے بلوچ عوام کی ترقی کے حوالے سے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے آئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کروں گا اور بلوچ عوام کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔