عید قرباں قریب آتے ہی جگہ جگہ غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم

شہریوں کا غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ضلعی حکومت تاحال منڈیوں کے مقامات کا تعین نہ کر سکی ، بیوپاریوں نے کھلے مقامات ، شاہرائوں کے کنارے اور گلی محلوں میں بھی ڈیرے جما لیے

جمعرات 17 اگست 2017 15:53

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) عید قرباں قریب آتے ہی جگہ جگہ غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم ہونا شروع ہو گئیں ، ضلعی حکومت تاحال منڈیوں کے مقامات کا تعین نہ کر سکی ، بیوپاریوں نے کھلے مقامات کے ساتھ ساتھ شاہرائوں کے کنارے اور گلی محلوں میں بھی ڈیرے جما لیے ،شہریوں کا غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ۔

عید الاضحٰی کے قریب آتے ہی مویشیوں کے بیوپاریوں نے شہروں کا رخ کر لیا ہے اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ راولپنڈی ،ٹی ایم اے راول و پوٹھوہار ٹائون چکلالہ و راولپنڈی کینٹ انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈیوں کے لیے مختص جگہوں کا باقاعدہ اعلان نہ کیے جانے کے باعث بیوپاری مختلف رہائشی علاقوں میں ڈیرے جما رہے ہیں۔ شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ انتظامیہ کے مبہم احکامات اور لچکدار رویے کے باعث قربانی کے جانوروں اندرون شہر وکینٹ آمد کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے گنجان آباد علاقوں چوہدری سرفراز روڈ ،پیرودھائی ،گوالمنڈی ،پنڈوڑہ ،خیابان سرسید ،کمال آباد ، بائیس نمبر چنگی آئی جے پی روڈ ،ٹاھلی موہری ،ڈھوک چوہدریاں سمیت دیگر علاقوں میں خودساختہ مویشی منڈیاں قائم کر لی گئی ہیں جبکہ چوہدری سرفراز خان روڈ سمیت دیگر اندرون شہر متعدد گلیوں پر بھی بیوپاریوں نے قبضہ کر کے عارضی مویشی منڈیاں قائم کر دی جن کی وجہ سے شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں راولپنڈی کینٹ نے اپنا موقف نہیں دیا جبکہ چکلالہ کینٹ کے سیکرٹری امان اللہ نے بتایاکہ چکلالہ کینٹ کے پانچ مقامات عارضی مویشی منڈیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جن کی تفصیل آئندہ چند یوم میں فراہم کی جائے گی تاہم ان مختص مقامات کے علاوہ کینٹ میں کسی قسم کی عارضی مویشی منڈی قائم کرنے کی اجازت نہ ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاھم راولپنڈی ڈویژن میں ایک ماڈل مویشی منڈی سمیت 7مستقل مویشی منڈیاں آپریشنل کر دی گئی ہیں ۔

راولپنڈی ڈویژن کی مستقل مویشی منڈیوں میں مکمل صاف ستھرے ماحول سمیت دیگر سہولیات بلانرخ فراہم کر دی گئی ہیں ۔کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام تمام منڈیوں میں کسی قسم کی انٹری فیس یا دیگر فیس نہیں ہو گی ۔ کیٹل مارکیٹس کے قیام اور ان کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد دودھ اور گوشت کی ضروریات کو احسن طریقے سے پورا کرنا اور عید قرباں کے مواقع پر شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی آسان خریداری کو یقینی بناناہے ۔

ان مویشی منڈیوں میں پارکنگ کے نظام کو بھی فعال کر دیا گیا ہے جبکہ کمیشن ، فیس اور بھتہ مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا گیاہے ۔چکوال میں ماڈل مویشی منڈی آپریشنل کر دی گئی ہے جبکہ اٹک کی ماڈل مویشی منڈی زیر تعمیر ہے ۔اس وقت گوجر خان میں ایک ،اٹک میں تین ،چکوال میں دو اور جہلم میں ایک مستقل مویشی منڈی سمیت مجموعی طور پر 7منڈیاں آپریشنل ہیں جہاں سے شہری باآسانی قربانی کے جانوروں کی خریداری کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :