تحصیل الائی کے سالانہ مرمتی کاموں کی مد میں دو کروڑ سے زائد کے فنڈز میں گھپلوں کا انکشاف

جمعرات 17 اگست 2017 15:20

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) تحصیل الائی کے سالانہ مرمتی کاموں کی مد میں دو کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز میں بڑے پیمانہ پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی شاہ حسین باچا کے بھائی نے (اے ایم این ڈی پی) سے فنڈز لیکر کسی قسم کا کام نہیں کروایا، الائی کی رابطہ سڑکیں بارشوں کے باعث مکمل طور پر کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، شاہ حسین خان کے اثاثوں کی فوری طور پر انکوائری کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار قومی وطن پارٹی کے رہنما نعیم شاہین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال اینول مینٹیننس اینڈ ریپئرنگ کی مد میں تحصیل الائی کیلئے دو کروڑ سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل بھی کروڑوں روپے کے فنڈ ممبر صوبائی اسمبلی شاہ حسین باچا کے بھائی وڑو خان کو دیئے گئے ہیں تاہم سڑک پر سال میں ایک دو بار ایکسویٹر لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھوک جھونک کر کروڑوں روپے کے فنڈز ہڑپ کر لئے گئے ہیں، تحصیل الائی کی مین رابطہ سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل طور پر کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہے، سارا سال سڑک کے اوپر ملبہ پڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

نعیم شاہین نے مزید کہا کہ ممبر صوبائی اسمبلی کے پاس چند سال پہلے کچھ بھی نہیں تھا، مختلف منصوبوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کر کے انہوں نے اپنے لئے کروڑوں روپے کے اثاثے بنا لئے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت اور ذمہ دار ادارے الائی کیلئے سالانہ مرمتی فنڈ کی فوری طور پر تحقیقات کرا کے کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔