حویلیاں تا تھاکوٹ منصوبہ 2020ء میں مکمل ہو گا، منصوبہ کی تکمیل سے علاقہ ترقی کی منازل طے کرے گا، لوبنگ علی

جمعرات 17 اگست 2017 15:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کیلئے چائینی روڈ اینڈ برج کارپوریشن منصوبہ کے ایڈمن منیجر ایم اے لوبنگ علی نے کہا ہے کہ حویلیاں تا تھاکوٹ منصوبہ 2020ء تک مکمل کر لیا جائے گا، پہلا فیز مکمل ہونے کے بعد دوسرے فیز پر کام شروع ہو گا جس کی تکمیل سے یہ علاقہ ترقی کی منازل طے کرے گا۔

(جاری ہے)

ایڈمن منیجر نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ پاک چین دوستی لازوال رشتوں پر محیط ہے، اس دوستی کو قائم رکھنے اور اسے دوام بخشنے کیلئے چائنیز انجینئر اور کارکن مستعدی سے سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کر رہے ہیں، پہلے مرحلہ میں حویلیاں سے تھاکوٹ تک سڑکوں اور پلوں کی تعمیر فیز ون کا حصہ ہیں اور اس کے بعد دوسرے فیز پر جلد کام شروع ہو گا۔ لوبنگ علی نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل سے علاقہ ترقی کی منازل طے کرے گا، یہاں روزگار کے مواقع میسر پیدا ہوں گے اور پاک چائنہ تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا کا ساتواں عجوبہ شاہراہ ریشم بھی اسی کمپنی نے تعمیر کی ہے جو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر میجر احتشام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔