بلاول بھٹو کا مانسہرہ میں ہونے والا جلسہ تاریخی ہو گا، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہزارہ کے عوام کو میگا پراجیکٹس دیئے

پی پی پی رہنمائوں محمد شجاع سالم خان، سید احمد حسین شاہ، ملک وحید اور ملک محمد فاروق کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 17 اگست 2017 15:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں محمد شجاع سالم خان، سید احمد حسین شاہ اور ملک وحید، ملک محمد فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا غازی کوٹ ٹائون شپ مانسہرہ میں ہونے والا جلسہ تاریخی ہو گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہزارہ کے عوام کو میگا پراجیکٹس دیئے ہیں، مانسہرہ سمیت ہزارہ ڈویژن میں پاکستان پیپلزپارٹی تیزی سے مقبول جماعت میں تبدیل ہو رہی ہے۔

یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے عوام(کل)ہفتہ 19 اگست کو بلاول بھٹو کا مانسہرہ میں فقید المثال استقبال کریں گے، پی پی پی نے اپنے دور حکومت میں ہزارہ کیلئے میگا پراجیکٹس دیئے جن میں کیڈٹ کالج بٹراسی، ایوب میڈیکل کالج، ہزارہ ڈویژن، ضلع مانسہرہ، ضلع بٹگرام، ضلع کوہستان، ضلع تورغر کا قیام انہی کے دور میں عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے ہزارہ میں ترقیاتی منصوبے ان کے دور میں مکمل ہوئے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے غریب عوام کا روزگار چھیننے کی بجائے انہیں روزگاردیا ہے، پاکستان بھر کے غریب عوام روزگار کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار ایک بار پھر ہزارہ کی مقبول ترین جماعت میں تبدیل ہو رہی ہے، یہاں کے عوام کے دلوں میں ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو سے والہانہ محبت ہے، آئندہ انتخابات میں ہزارہ سے ہم بڑی کامیابی حاصل کریں گے۔