سولہ سالہ نوجوان لڑکی کی شادی65سالہ شیخ سے کروا دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 اگست 2017 15:03

سولہ سالہ نوجوان لڑکی کی شادی65سالہ شیخ سے کروا دی گئی
 عمان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2017ء):عمان میں ایک سولہ سالہ کنواری لڑکی کی شادی 65سالہ شیخ سے کروا دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لڑکی کی والدہ سیدہ اُنیسہ نے ایک درخواست دائر کی جس میں اپیل کی گئی کہ ان کی نوجوان بیٹی کو مسقط سے واپس بھارت لایا جائے۔ سیدہ نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیٹی کی بوڑھے شخص سے شادی کے ذمہ دار اس کا خاوند اور خاوند کی بہن ہیں۔

درخواست میں لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ میں شیخ سے اپنی بیٹی کی شادی پر ہرگز رضامند نہیں تھی، لیکن میرے شوہر سکندر نے رمضان سے قبل ایک ہوٹل میں قاضی کو بُلوا کر شادی کروادی۔ درج کروائی گئی ایف آئی آر میں سیدہ نے مزید بتایا کہ شیخ کا کہنا تھا کہ اس نے میری بیٹی کو پانچ لاکھ روپے کے عوض خریدا ہے۔ اور یہ رقم شیخ نے میرے شوہر سکندر کو ادا کی۔

(جاری ہے)

شیخ صرف رقم کی واپسی پر ہی میری بیٹی کو واپس بھارت بھیجنے پر آمادہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکندر نے عمان میں پُر آسائش زندگی کا جھانسہ دے کر میری بیٹی کی شادی بوڑھے شیخ سے کروا دی۔شادی کے بعد ضعیف العمر شیخ نے اپنی نوجوان دلہن کے ساتھ ہوٹل میں چار دن گزارے اوراسے سکندر کے گھر چھوڑ گیا جس کے بعد سکندر نے ہی نوجوان لڑکی کے پاسپورٹ اور دیگر کاغذات تیار کروا کر اسے عمان بھیج دیا۔ سیدہ نے مزید کہا کہ میرا شوہر مجھے دھمکی دیتا ہے اور میں اپیل کرتی ہوں کہ میری بیٹی کو واپس لا کر ملزمان کو سزا دی جائے۔