مکی آرتھر پر الزامات ، کرکٹر عمر اکمل کو سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا سامنا

عمر اکمل نے ہیڈ کوچ اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے خلاف میڈیا میں جاکر خود کشی جیسا کام کیا کئی بار مختلف منفی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ،اب پاکستان ٹیم کے بہترین کوچ کو الزام دے رہے ہیں

جمعرات 17 اگست 2017 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) قومی کرکٹ ٹیم سے ڈراپ کئے گئے کرکٹر عمر اکمل کو ہیڈ کوچ کوچ مکی آرتھر کے خلاف الزامات پر سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا سامناہے ۔ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ہیڈ کوچ اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے خلاف میڈیا میں جاکر عمر اکمل نے خود کشی جیسا کام کیا ہے۔ اس نے اپنے لیے واپسی کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے ساتھ سچی ہمدردی رکھنے والے افراد کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ایک اور دل جلے نے ریکارڈ یاد دلایا کہ عمر اکمل نے سات سال میں واحد سنچری افغانستان کے خلاف اسکور کی اور اب بھی کچھ لوگ سمجھتے ہیں عمر اکمل ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے۔بات یہیں ختم نہ ہوئی۔ ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ عمر اکمل نے ٹریفک وارڈن کے ساتھ بدسلوکی کی، کئی بار مختلف منفی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے اور اب پاکستان ٹیم کے بہترین کوچ کو الزام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور ٹوئٹر صارف نے تو سارے قصے کو کوزے میں بند کردیا یہ کہہ کر کہ عمر اکمل کبھی نہیں سیکھتا۔واضح رہے کہ عمر اکمل نے الزام عائد کیا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کے سامنے برا بھلا کہا اور گالیاں دیںجبکہ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں ٹریننگ کا پہلا حق سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کا ہے۔ اکیڈمی میں ٹریننگ کے بجائیعمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کو کہا تھا۔