ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر الزامات عائد کرنے پر عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری

مڈل آرڈر بلے باز نے سات روز میں جواب نہ دیا تو یکطرفہ کی جائے گی ‘ پی سی بی حکام میں حق پر ہوں ، اپنے موقف پر بھی قائم ہوں ، اپنا موقف ضرور دوں گا ‘ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل

جمعرات 17 اگست 2017 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر الزامات عائد کرنے پر مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں جواب طلب کیا ہے ۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر عمر اکمل نے جواب نہ دیا تو یکطرفہ کارروائی کی جائے گی ۔

دوسری جانب مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کا کہنا ہے کہ میں حق پر ہوں اور اپنے موقف پر بھی قائم ہوں اور پی سی بی کو اپنا موقف ضرور دوں گا ۔یاد رہے کہ بدھ کے روز عمر اکمل نے الزام عائد کیا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں گالیاں دیں اور کہا کہ کرکٹ اکیڈمی میں کھیلنے کے بجائے کلب کرکٹ کھیلو۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کرکٹر کو کوئی گالی نہیں دی۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں، انہوں صرف عمر کو کارکردگی بہتر بنانے کی تلقین کی تھی۔جبکہ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے بھی عمر اکمل کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکی آرتھر نے عمر اکمل کو سمجھایا آپ ایک فٹنس ٹیسٹ میں نہیں سات بار فیل ہو چکے ہیں۔یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب عمر کسی تنازع کی زد میں آئے ہیں۔

2014ء میں عمر اکمل کا ایک ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد وہ ایک دن تک تھانے میں بند رہے تھے۔ٹریفک وارڈن نے انہیں سگنل توڑنے پر روکا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک تھیٹر کے دوران ان کا وہاں کے اہلکاروں سے بھی جھگڑا ہوگیا جبکہ حیدرآباد میں مبینہ طور پر ایک ڈانس پارٹی میں بھی پکڑے گئے۔مڈل آرڈر بلے باز کو اس وقت کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی ہدایات پر عالمی کپ 2015ء کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔