بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر مملکت مہرین انور راجہ کی ملاقات

،سیاسی امور پر تبادلہ خیال پنجاب فتح کرکے دکھائیں گے ،نوازشریف آصف زرداری کے مشورے پر عمل کرتے تو آج اقتدار میں ہوتے ‘ چیئرمین پیپلز پارٹی

جمعرات 17 اگست 2017 14:46

بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر مملکت مہرین انور راجہ کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر مملکت انصاف و پارلیمانی امور مہرین انور راجہ نے ملاقات کر کے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم پنجاب فتح کرکے دکھائیں گے ،ا ٓنسو بہانے سے (ن) لیگ کو کچھ نہیں ملے گا ،(ن) لیگ کے قائدین مظلوم بننے کی بجائے ہمت سے کام لیں ،نوازشریف آصف علی زرداری کے مشورے پر عمل کرتے تو آج اقتدار میں ہوتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ خود میثاق جمہوریت کے خلاف کام کرتی رہے اور اب پھر اسے یہ میثاق جمہوریت کو اہمیت دینے کی باتیں کررہی ہے ، جب پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ جمہوری انداز میں نظام چلائے تو (ن) لیگ نے اس مشورہ کو نظر انداز کردیا ۔مہرین انورراجہ نے کہاکہ آصف علی زرداری کی لاہور آمد سے (ن)لیگ پریشان ہوگئی ،آصف علی زرداری کارکنوں کی دل کی دھڑکن ہیں ، لاہور ہو یا کوئی اور مقام وہ جہاں بھی جاتے ہیں کارکنان ان سے گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہیں ۔