کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری

گلشن حدید سے ملنے والی بچے کی لاش کے معاملے میں 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گلستان جوہر سے ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت کے بہنوئی جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں سے 14 ملزمان کوگرفتار کرلیا

جمعرات 17 اگست 2017 14:46

کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گلستان جوہر سے ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت کے بہنوئی جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں سے 14 ملزمان کوگرفتار کرلیاہے۔گلشن حدید سے ملنے والی بچے کی لاش کے معاملے میں 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت کے بہنوئی غالب اقتدار کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے۔ ادھرلانڈھی ڈویژن پولیس نے کورنگی، انڈسٹریل ایریا اور زمان ٹائون کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل منشیات فروش سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔

(جاری ہے)

ایس پی لانڈھی عارف رائو کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی، فقیر محمد، نعمان، عبید اور نادر کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔ عزیز بھٹی پولیس نے عزیز بھٹی پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ماجد کو گرفتار کر کے ڈھائی سو گرام چرس برآمد کر لی۔ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق مومن آباد ،کنواری کالونی اور قصبہ کالونی میں کاروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان میں منشیات فروش اور اقدام قتل کے ملزم شامل ہیں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات ملی ہے۔

سعود آباد پولیس نے ملزم شاہد اور آدم خان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی،ملزم شاہد نے 2002 میں زاہد اقبال نامی شخص کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کیا تھا،ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کا مقدمہ سعودآباد تھانے میں درج ہے۔گلشن حدید سے آٹھ سالہ سبحان کی چاقوں سے کٹی لاش ملنے کے معاملے میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔واضح رہے کہ سبحان کی لاش بدھ کو جنگل سے ملی تھی۔