پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر لیڈز برطانیہ میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 17 اگست 2017 14:30

لیڈز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اگست2017ء) پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر لیڈز برطانیہ میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں سیاسی وسماجی وکاروباری شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کوآرڈی نیٹر برائے اوورسیزوپیپلز پارٹی لیڈز کے سابق صدر ساجد علی قریشی نے کہا کہ دیار غیر میں بستے ہوئے بھی ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا جس کے لئے ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور طویل جدوجہد کی۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں حصہ لینے والے ان جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیڈز کی سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری قاسم علی،انٹرنیشنل ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ مواہ رڑاہ کے اوورسیز سیکرٹری جنرل چوہدری شرافت علی اور تحریک انصاف لیڈز کے سیکرٹری جنرل حفیظ بٹ،نائب صدر چوہدری قربان حسین ،لیڈز کی کاروباری شخصیت چوہدری محمد ایوب،چوہدری عبدالقیوم اور باوا محمد صدیق نے اپنے خطابات میں پاکستان قوم کو جشن آزادی کی مبارک دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔