آزادی ٹرین لاہور میں دو دن قیام کے بعد اگلی منزل کی طرف روانہ

ریلوے کے سینئر افسران اور زندہ دلان لاہورکی بڑی تعداد نے گرم جوشی کے ساتھ الوداع کیا

جمعرات 17 اگست 2017 14:29

آزادی ٹرین لاہور میں دو دن قیام کے بعد اگلی منزل کی طرف روانہ
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) تحریک پاکستان ، ملکی دفاع کی خاطر افواج پاکستان کی قربانیوں،وطن عزیز کے ثقافتی وتہذیبی ورثے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے چلائی جانے والی آزادی ٹرین صوبائی دارالحکومت لاہور میں دو دن قیام کے بعد اپنی اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گئی،پاکستان ریلوے کے سینئر افسران اور جذبات سے سرشار زندہ دلان لاہورکی بڑی تعداد نے گرم جوشی کے ساتھ ٹرین کو الوداع کیا ،لاہور میں دو دن قیام کے دوران آزادی ٹرین عوام کی گہری دلچسپی کا مرکز بنی رہی، لاہوریوںکی بڑی تعداد ٹرین کو دیکھنے کیلئے لاہور ریلوے اسٹیشن آئی،تحریک پاکستان کے بعض کارکن فیملیوں کے ہمراہ ٹرین کا نظارہ کرنے کیلئے پہنچے، اس مو قع پربچوں ،بوڑھوں ،جوانوں اور خواتین کی کثیر تعداد تحریک پا کستان کے تاریخی ورثہ،صو بو ں کی ثقا فت ، قومی ہیروز پر مبنی ما ڈلز، فن پاروں ، فلوٹس سے محظوظ ہوتی رہی،عوام کی کثیر تعداد نے ٹرین کے ماڈل اور دلکش تصاویر اور سینریزبنوا کر گھروں کی زینت بنا ڈالیں، والدین اپنے بچوں کو ملکی ثقافت‘جدوجہد آزادی پاکستان‘جدوجہد آزادی کشمیر کے بارے میںمعلومات فراہم کرنے کیلئے لاہور ریلوے اسٹیشن پر لائے جنہوں نے آزادی ٹرین میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،اس دوران لاہور ریلوے اسٹیشن پر محفل موسیقی اور پتلی تماشاکا بھی اہتمام کیا گیا جسے عوام کی بڑی تعداد نے پسند کیا،ریلوے انتظامیہ کے مطابق لاہوریوں نے آزادی ٹرین کا شاندار استقبال کرکے ثابت کر دیا کہ لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے‘ دریا ئے سندھ اور پاکستان ریلویز دو چیزیں پاکستان میں ایسی ہیںجو رابطہ کے طور پر چاروں صوبوں میں کام کرتی ہیں،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سفیان ڈوگر کا کہنا تھا کہ آزادی ٹرین کو اس لئے قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا جا سکتا ہے کہ یہ چاروں صوبوں کی عکاسی کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین پر تحریک پاکستان کے تمام ہیروز کی تصاویر لگائی گئی ہیں جبکہ ملکی سلامتی و دفاع کی خاطر افواج پاکستان کی قربانیوں کے بارے میں آگہی فراہم کی گئی ہے اسی طرح دہشت گردی کے حوالے سے کامیابیوںکے بارے میں قوم کو آگہی کی ضرورت تھی جو دی گئی ، انہوںنے کہا کہ آزادی ٹرین جوں جوں آگے بڑھ رہی ہے اس کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ ہوتاجارہا ہے اور لوگ اس کا تاریخی استقبال کر رہے ہیں،تحریک پاکستان کی جدوجہد کی تصاویر‘ جدوجہد آزادی کشمیر کے بارے میں شعور آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور صوبوں کی مختلف ثقافتوں سے محظوظ ہو رہے ہیں،اس موقع پر لاہور ریلوے اسٹیشن پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ آزادی ٹرین بہترین سیرو تفریح اور معلومات تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے جو جدوجہد تحریک پاکستان ‘ جدوجہد آزادی کشمیر سمیت حکومتی اقدامات کا آئینہ پیش کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہر صوبے کی ثقافت کو اجاگر کر رہی ہے یہ حکومت کا منفرد کارنامہ ہے،واضح رہے کہ آزادی ٹرین 12اگست کومارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد سے اپنے سفر کا آ غاز کرکی15اگست کی رات لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچی تھی جہاں دو روز قیام کے بعد ٹرین جمعرات کی صبح اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گئی،آزادی ٹرین کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،اس موقع پر بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مشاعروں ، تقریری و ملی نغموں کے مقابلوں،تصاویر کی نمائش کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے تاکہ لوگ سیروتفریح کی مکمل سہولیات سے لطف اندوز ہو سکیں،لاہور سے روانہ ہونے کے بعدوالٹن اسٹیشن پہنچنے پر عوام کی بڑی تعداد نے قومی پرچم تھامے ٹرین کا استقبال کیا،پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،بعد ازاں ٹرین اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :