پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات 21اگست سے شروع ہوں گے

جمعرات 17 اگست 2017 14:07

پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) پاکستان اورتھائی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کا آٹھواں تین روز دور 21اگست سے شروع ہوگا۔وزارت تجارت کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ دونوں ممالک نے تحفظات کے ازالے کیلئے آزادانہ تجارت کے معاہدے میں پیش کردہ اشیاء کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے جس میں آٹو موبیل اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے آٹھویں دور میں دونوں ممالک کے نمائندے معاہدے کے متن، محصولات کی شرح میں کمی،اورآفرز لسٹ سمیت دیگر متعلقہ امورکا احاطہ کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر 25 ستمبر کو دستخطوں کا امکان ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے حجم میں خاطرخواہ اضافے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تھائی لینڈ کو الیکٹریکل اورالیکٹرانک مصنوعات کے شعبے میں ترجیح حاصل ہے جبکہ پاکستان کو 684 اشیاء میں برتری حاصل ہے جن میں کاٹن یارن ،ٹیکسٹائل اورسرجیکل آلات نمایاں ہیں۔