بلوچستان کے عوام کی ترقی میرے دل کے بہت قریب ہے،

صوبہ کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا ْوزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 17 اگست 2017 12:16

بلوچستان کے عوام کی ترقی میرے دل کے بہت قریب ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کی بناء پر ہماری حکومت نے اولین ترجیح دے رکھی ہے جس کا واضح اظہار گوادر بندر گاہ، سڑکوں کے جال اور سماجی و اقتصادی سکیموں سمیت بلوچستان کے لئے سی پیک منصوبہ جات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیرا عظم نے کہاکہ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی بہتری پر توجہ دی ہے جس کے ثمرات تیز تر ترقی کی شکل میں ملے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی ترقی ان کے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کی صورتحال کے جائزہ کے لئے آئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔