حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے،

ارکان قومی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے پورے جذبے اور ولولے کے ساتھ کام کریں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بہاولپور ڈویژن سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 17 اگست 2017 12:16

حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ مرکوز کررہی ہے، مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے لئے پر عزم ہے لہٰذا ارکان قومی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے پورے جذبے اور ولولے کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے یہ بات بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کو اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ دیئے ہوئے ہے۔ انہوں نے وزیراعظم آفس کو ہدایت کی کہ وہ ایس ڈی جی فنڈز سے بالخصوص بجلی و گیس کی سکیموں اور بالعموم علاقے کے دیگر منصوبوں کے لئے فوری طور پر فنڈز کا اجراء کرے۔

(جاری ہے)

وزیرا عظم نے کہاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور علاقے کے ارکان قومی اسمبلی عوامی شکایات کے حل کے لئے ان سے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔ وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ ، وزیر مملکت صنعت وپیداوار ارشد خان لغاری، ارکان قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی، سید محمد ا صغر، طاہر بشیر چیمہ، شیخ فیاض الدین ، مخدوم خسرو بختیار، میاں امتیاز احمد، محترمہ زیب جعفر ، مائزہ حمید، اور مسز صبیحہ نذیر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد بھی ملاقات میں شریک تھے۔