جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی میرا مشن ہے،

ملتان میٹرو نے شہر کو نئی شناخت دی ، وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 17 اگست 2017 11:39

جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی میرا مشن ہے،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی میرا مشن ہے، ملتان میں میٹرو بس پراجیکٹ کے منصوبے نے شہر کو نئی شناخت دی ہے جبکہ اویس لغاری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل کی فراہمی وزیراعلی کی یہاں کے عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے،جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے یہاں کے عوام کیلئے حکومت پنجاب کے شاندارتحفے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر اویس لغاری نے لاہور میں ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورت حال سمیت جنوبی پنجاب کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلی شہبازشریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی میرا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹرو بس پراجیکٹ کے منصوبے نے شہر کو نئی شناخت دی ہے، منصوبہ مکمل ہونے سے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید اور تیز رفتار سفری سہولتیں میسر آئی ہیں۔

خادم اعلی نے کہا جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعلی شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں،جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے یہاں کے عوام کیلئے حکومت پنجاب کے شاندارتحفے ہیں۔اویس لغاری نے کہا جنوبی پنجاب میں آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل کی فراہمی وزیراعلی کی یہاں کے عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔