ریسکیو1122 نے دریائے چناب بھکر روڈ کے پرسرچ آپریشن کے ذریعے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تلاش کر کے لواحقین کے حوالے کر دی

جمعرات 17 اگست 2017 00:30

جھنگ ۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) ریسکیو1122کی طرف سے دریائے چناب بھکر روڈ کے پرسرچ آپریشن کے ذریعے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تلاش کر کے بذریعہ پولیس لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین کے مطابق گزشتہ روز دریائے چناب میں بھکر روڈ کے قریب نہاتے ہوئے چک نمبر256کے رہائشی سترہ سالہ فیصل حیات کے ڈوبنے کی اطلاع پر ریسکیوایمرجنسی ٹیم اور غوطہ خور فوری طور پر موقع پر پہنچے جہاں کئی گھنٹوں پر محیط سرچ آپریشن کے بعد مذکورہ نوجوان کی لاش تلاش کرکے مقامی پولیس کی وساطت سے ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

انہوںنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے پانی میں کسی طور پر بھی نہانے کی غرض سے بھی داخل نہ ہوں کیونکہ اس سے انکی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مزید بتایا کہ این ٹی سی ٹیلیفون لائن کی خرابی دور ہونے سے ایمرجنسی نمبرز1122موثر طور پر کام کرنا شروع کر چکے ہیں۔