لاہور ، سابق وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کی دوسری برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

بدھ 16 اگست 2017 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) سابق وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کی دوسری برسی گزشتہ روز عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔اس موقع پر مختلف مقامات پر فاتحہ اور قرآن خوانی کا اہتمام کر کے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ 28اگست 1943ء کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے درمیانی ضلع اٹک کے علاقے شادی خان حضرو میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے 1966ء میں اسلامیہ کالج پشاور سے گرایجویشن کی ڈگری حاصل کی۔شجاع خانزادہ نے 1967ء میں پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا، وہ 1971ء کی جنگ میں بھی شریک تھے۔سن 1988ء میں انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ بصالت سے نوازا گیا۔انہوں نے 1992ء سے 1994ء تک امریکہ میں پاکستان کے ملٹری اتاشی کے حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے۔

(جاری ہے)

سن 2002ء میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔

ابتدائی طور پروزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔وہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 16 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔اس کے بعد مسلم لیگ (ن)کے موجودہ دور میں انہیں پنجاب کی وزارتِ داخلہ سونپی گئی، اس عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عمل در آمد کے لئے انہوں نے انتہائی جاںفشانی سے کام کیا بالخصوص جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے ختم کروائے۔

16 اگست2015ء کو اٹک کے علاقے شادی خان میں ہونے والے خودکش حملے میں کرنل (ر) شجا ع خانزادہ اور ڈی ایس پی حضرو شوکت شاہ گیلانی سمیت متعدد افرادشہید ہوگئے تھے ۔یاد رہے کہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد اسی حلقے سے ان کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور ان کے پاس وزیر کھیل و امور نوجوانان کی وزارتیں ہیں ۔