چور پکڑا گیا ہے قاتل ابھی باقی ہے،طاہر القادری

نواز شریف کے پیچھے اصل قوت پنجاب کا اقتدار ہے ، نواز شریف کا انقلاب ’’نواز شہباز بچاؤ‘‘ انقلاب ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو آج تک کوئی نہیں خرید سکا آج کا دھرنا جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے لیے ہے،احتجاج کی تحریک ختم نہیں ہوگی چلتی رہے گی نااہل وزیر اعظم کہتے ہیں آئینی ترامیم کرکے رہیں گے، نواز شریف بتائیں ووٹ کے تقدس کو پہلے پامال کس نے کیا، ووٹوں کی خرید و فروخت، بریف کیس کی سیاست کس نے شروع کی وہ آئین سے امانت اور صداقت کو نکالنا چاہتے ہیں، ووٹ کا تقدس بھی نواز شریف نے ہی پامال کیا، (ن) لیگ والے ارکان اسمبلی کی بولیاں لگاتے ہیں، ووٹ کا تقدس نواز شریف نے ہی پامال کیا، مال روڈ پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب

بدھ 16 اگست 2017 22:30

چور پکڑا گیا ہے قاتل ابھی باقی ہے،طاہر القادری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ چور پکڑا گیا ہے قاتل ابھی باقی ہے اور نواز شریف کے پیچھے اصل قوت پنجاب کا اقتدار ہے جبکہ نواز شریف کا انقلاب ’’نواز شہباز بچاؤ‘‘ انقلاب ہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو آج تک کوئی نہیں خرید سکا جبکہ آج کا دھرنا جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے لیے ہے،احتجاج کی تحریک ختم نہیں ہوگی، چلتی رہے گی۔

نااہل وزیر اعظم کہتے ہیں آئینی ترامیم کرکے رہیں گے، نواز شریف بتائیں ووٹ کے تقدس کو پہلے پامال کس نے کیا، ووٹوں کی خرید و فروخت، بریف کیس کی سیاست کس نے شروع کی وہ آئین سے امانت اور صداقت کو نکالنا چاہتے ہیں، ووٹ کا تقدس بھی نواز شریف نے ہی پامال کیا، (ن) لیگ والے ارکان اسمبلی کی بولیاں لگاتے ہیں، نواز شریف نے صدر کے ساتھ مل کر بے نظیر کو نکالا، سیاست میں کرپشن کو متعارف کرایا جبکہ چھانگا مانگا کی سیاست بھی انہوں نے شروع کروائی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے جمہوری نظام کو تباہ و برباد کیا، 10 سال تک ضیاء الحق کی گود میں پرورش پائی اور 35 سال سے ملک میں برسراقتدار ہیں۔ ووٹ کا تقدس نواز شریف نے ہی پامال کیا۔بدھ کے روز مال روڈ پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نظام بدلنا یاد آگیا ہے ۔ آئین میں ترمیم کریں گے، نواز شریف آئین سے امانت اور صداقت کو نکالنا چاہتے ہیں۔

طاہرالقادری نے مزید کہا کہ یہ پارلیمنٹ صرف اشرافیہ کی ہے، سرمایہ داروں کی ہے، جاگیرداروں کی ہے، پارلیمنٹ ان ظالموں کی ہے جن کے چہروں پر غریبوں کے خون کی سرخی ہے۔انہوں نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تو انصاف کی کھڑکی کھلی ہے، دروازہ ابھی کھلنا ہے،میں آپ کے ہندو اور یہودی فرنٹ مینوں کے نام بھی جانتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دھرنا جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے لیے ہے،احتجاج کی تحریک ختم نہیں ہوگی، چلتی رہے گی۔

17جون 2014ء کو آئین کی حکمرانی اور حقوق مانگنے والوں کو شہید کیا گیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین تنہا نہیں، جبکہ شہیدوں کے لواحقین ثابت قدمی سے انصاف کے منتظر ہیں۔شہداء کی بیوائیں اور یتیم بچے جاننا چاہتے ہیں کہ باقر نجفی رپورٹ میں کیا لکھا ہی ۔پولیس کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کرایا گیا، شہداء کے لواحقین کو دنیا کی کوئی طاقت انصاف سے دور نہیں کر سکتی۔

جب تک دھرنا رہے گا میں بھی یہاں بیٹھا رہوں گا، احتجاج کرنے والے پٴْرامن ضرور ہیں، مگر امن کی کمزوری نہیں۔ دھرنے کے شرکاء چاہیں تو شریف برادران کا گریبان پکڑ کر انصاف لے سکتے ہیں، ابھی چور پکڑا گیا ہے، ماڈل ٹائون کا قاتل شہباز شریف ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقرنجفی کمیشن نے شہباز شریف کو قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے، اسی لیے وہ 3سال سے باقر نجفی رپورٹ دبا کر بیٹھے ہیں۔