ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت ضلع کے صحت مراکز اور ڈائلیسز سینٹر کی مرمت ، بحالی کی اے ڈی پی اسکیموں کا جائزہ اجلاس

بدھ 16 اگست 2017 22:22

نوشہرو فیروز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی کی زیر صدارت ضلع کے صحت مراکز اور ڈائلیسز سینٹر نوشہروفیروز کی مرمت ، بحالی کی اے ڈی پی اسکیموں کا جائزہ اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل عبدالستار عباسی، ایکسیئن ورکس اینڈ سروسز سید اشفاق حسین شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر مظہر کلہوڑو، انجنیئر پراونشل بلڈنگز انور میمن اور آفتاب ملک، ڈاکٹر سندر داس نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈآکٹر وسیم علی نے کہا کہ صحت مراکز کی تعمیر و مرمت کے کام کو اس طرح سے سرانجام دیا جائے کہ وہاں مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی جاری رہ سکے، انہوں نے مزید کہا کہ مراکز صحت کی مرحلے وار مرمت کا کام کیا جائے تاکہ ان مراکز کا کام بروقت مکمل ہوسکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ڈائیلیسز سینٹر نوشہروفیروز کو اسٹیٹ آف آرٹ کی سہولیات سے فراہم کرنے کے لئے نئی پی سی ون بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مستقبل میں ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو شامل کیا جائے جس میں 20 ڈائیلیسز مشینوں پر مشتمل سہولیات و عملے کے علاوہ صاف پانی کی فراہمی، ایمبولنس، الٹرا سائونڈ، وینٹیلیٹر، ایمرجنسی روم شامل ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین ضلع کائونسل عبدالستار عباسی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ڈائیلیسز سینٹر کو بہتر بنانے کے لئے ملنے والی گرانٹ کو ضایع ہونے نہیں دیا جائے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اس رقم کو پوری ایمانداری سے ڈائیلیسز سینٹر پر خرچ کیا جائے۔اگر مزید فنڈز کی ضرورت محسوس کی گئی تو ضلع کائونسل کی جانب سے بھی مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔