سندھ حکومت غریب اور بے سہارا مستحق مریض افراد کو علاج معالجے کیلئے بھرپور طریقے سے مالی مدد فراہم کررہی ہے، سیدہ نفیسہ شاہ

بدھ 16 اگست 2017 22:09

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت غریب اور بے سہارا مستحق مریض افراد کو علاج معالجے کے لیے بھرپور طریقے سے مالی مدد فراہم کررہی ہے ، ایم این اے فنڈ اور سندھ حکومت کے مشترکہ تعاون سے پیپلزویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے خیرپور ضلع کے غریب اور بے سہارا مریضوں کو علاج معالجے کے لیے خطیر رقم مختص کرکے ان کی مالی مدد کی جارہی ہے ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی سندھ کی نائب صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے ناز ہائی اسکول خیرپور میں غریب مریضوں میں مالی مدد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں ٹرسٹ کی جانب سے ہیپاٹائٹس، کینسر، دل میں سوراخ، تھیلیسیمیا جیسے مرض میں مبتلا 55 افراد میں 10 ہزار،25 ہزار، 40ہزار اور پچاس ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا کہ ان کے والد اور سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ غریب پرور شخصیت ہیں اور غریب افراد کی دیکھ بھال سمیت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انہوں نے میڈیکل کالج ، اسپتا ل اور دیگر ادارے بنائے ہیں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے منشور کے مطابق مستحق افراد کی ہر سطح پر مدد فراہم کی جائے گی اس موقع پر نظر محمد گاہو، غلام حسین مغل، امام ڈنو ملاح ، ریحانہ جمانی، رمیز سومرو اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :