امریکی صدر بل کلنٹن مو نیکا لیونسکی کیساتھ تعلق سے مکر نہیں سکے توبشارت راجہ کو شادی سے مکرنے کون دے گا‘سیمل راجہ

سا بق وزیر قانون اپنے خلاف زیر سماعت فراڈ،جعلسازی و دھوکہ دہی کے کیس کے حوالے سے قوم کو کیوں نہیں بتاتے کسی ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دی نہ ضرورت ہے، پا کستان ہی پہچان ہے ختم نہیں کرسکتی‘ سابق رکن پنجاب اسمبلی

بدھ 16 اگست 2017 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) سابق رکن پنجاب اسمبلی سیمل راجہ نے کہاہے کہ بشارت راجہ جھوٹ بول کر اور طلاق یافتہ پری گل آغا کوساتھ بٹھا کر اپنے کالے کر توتوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیںجس میں وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتے،اگر سا بق امریکی صدر بل کلنٹن مو نیکا لیونسکی سے تعلقات سے متعلق نہیں مکر سکاتھا تو بشارت راجہ جتنے مرضی جھوٹ بول کر یا سازشیں کر کے شادی سے نہیں مکر سکتے۔

راجہ بشارت کے بیان پر اپنے رد عمل میں سیمل راجہ نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا جب انصاف ان کے گھر کی لونڈی ہوا کرتی تھی، آج کی عدلیہ آزاد اور غیر جانبدار ہے،سا بق وزیر قانون کے خلاف فراڈ دھوکہ دہی اور جعلسازی کے حوالے سے کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھ سے نکاح کر کے مکرنے اور پر ی گل آغا کو طلاق دینے کے باوجودگھر میں رکھنے پر اسلامی نظر یاتی کونسل کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کسی ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دی نہ اس کی ضرورت ہے، پا کستان ہی میری پہچان ہے اسکو ختم نہیں کرسکتی۔سیمل راجہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر بشارت راجہ لو گوں کا مال ومتاع ہضم کر نے کے ماسٹر ہیں،شادی اورمیر ے زیور ات سے متعلق وہ کئی صحافیوں کے سامنے بھی اقرار کر چکے ہیں ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس سے پہلے بھی بشارت راجہ پی ٹی وی کی مشہور اینکر کنول نصیر سے شادی کر کے مکر چکے ہیں ۔بشارت راجہ جیسے لوگ ایسی روایات قائم کر کے آنے والی نسلوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔