کراچی ،نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرسعید احمد کاکوئٹہ میں بینک کے علاقائی دفتر اور مختلف شاخوں کا دورہ

بدھ 16 اگست 2017 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے کوئٹہ میں بینک کے علاقائی دفتر اور مختلف شاخوں کا دورہ کیااور ٹاؤن ہال میٹنگوں میں شرکت کی۔صدر نے اس کے علاوہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اور مقامی کاروباری افراد سے بھی ملاقات کی۔بلوچستان کی ترقی میں نیشنل بینک کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سعید احمد نے چیمبر کے عہدیداران اور اراکین کو یقین دلا یا کہ بینکاری کے شعبے سے تعلق رکھنے والے مسائل ان کی انتہائی ترجیحات میں شامل ہیں اور وہ ان کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

چیمبر کے اراکین کے ساتھ اپنی ملاقات میں این بی پی کے صدر نے پرائم منسٹر بزنس یوتھ لون اسکیم پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم بلوچستان کے نوجوانوں کو انفرادی، برادری اور قومی سطح پر درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنائے گی۔

(جاری ہے)

اسلامی بینکاری، ایس ایم ای اور دیگر مالی پروڈکٹس کو فروغ دیا جائے گا اور کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ صوبے میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابو پایا جا سکے۔

اس موقع پر این بی پی کے صدر نے کہا،’’ میں کوئٹہ اگرچہ طویل مدت کے بعد آیا ہوں لیکن آئندہ خاص طور پروقتاً فوقتاً آیا کروں گا۔ مالی خدمات کی ڈیجیٹائزیشن کی ضرورت کے پیش نظر ہم آئندہ مہینوں میں ایک ایسا سسٹم متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیںجس کے تحت یوٹیلٹی بلز اور دیگر سروسز کے لیے چالان موبائل ایپ کے ذریعے ادا کیے جا سکیں گے۔

مزید برآں، ہم ATMنیٹ ورک کو بھی اس سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ کسٹمرز کو زیادہ تحفظ اور آرام میسر آسکے۔‘‘انہوں نے مزید کہا،’’بلوچستان کی ترقی میں نیشنل بینک اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور بالخصوص قرضوں کے اجراء کے سلسلے میں اور چیمبر کی انتظامیہ کی جانب سے میرے سامنے پیش کیے جانے والے مسائل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

‘‘اس موقع پر سعید احمد نے تفتان میں قائم این بی پی کے بوتھ کو جلد ہی ایک مکمل شاخ میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ سی پیک کے حوالے سے این بی پی کے صدر نے چیمبر کے مقامی تاجروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ میٹنگ کے اختتام پر چیمبر کے اراکین نے صدر کو اعزازی شیلڈ پیش کی اورچیمبر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :