وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ایوب میڈیکل کالج کے بورڈآف گورنرز کی کارکردگی میں مزید فعالیت لانے کے لئے اسکی ازسر نو تشکیل کی ہدایت

پشاور میں ڈینگی کے پھیلائو کا سختی سے نوٹس اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ناظم اور تحصیل ناظم اور بلدیاتی نمائندوںکو اعتماد میں لے کر ڈینگی کی افزائش اور پھیلائو کو روکنے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائیں، کمشنر پشاور کو ہدایت

بدھ 16 اگست 2017 21:55

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ایوب میڈیکل کالج کے بورڈآف گورنرز کی کارکردگی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ایوب میڈیکل کالج کے بورڈآف گورنرز کی کارکردگی میں مزید فعالیت لانے کے لئے اسکی ازسر نو تشکیل کی ہدایت کی ۔ انہوں نے پشاور میں ڈینگی کے پھیلائو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر پشاور کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ناظم اور تحصیل ناظم اور بلدیاتی نمائندوںکو اعتماد میں لے کر ڈینگی کی افزائش اور پھیلائو کو روکنے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائیں ۔

وہ ایوب میڈیکل کالج کے بورڈآف گورنرز کے اجلاس کی وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر شہرام ترکئی، صوبائی وزیرمشتاق غنی ، وزیراعلیٰ کے مشیر قلندر لودھی، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون ، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور صوبائی سیکرٹری صحت موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں بدعنوانی کے حوالے سے انکواری رپورٹ کو جلد از جلدپیش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے اگر کسی نے کرپشن کی ہے تو اس کو سزا ملے گی۔ اجلاس نے بورڈ کو فعال بنانے کے لئے کئی ایک تجاویز سے اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پشاورمیں خاص کر تہکال کے علاقے میں ڈینگی کی افزائش اور پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر فالواپ میٹنگز کا انعقاد کیا جائے تاکہ ایک واضح صورت حال کے پیش نظرعملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور پانی کو کھڑا نہ ہونے دیں اور اسکے ٹھہراؤ کا فوری طور پر خاتمہ کریں۔انہوں نے عوامی شعور مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ڈینگی کا خاتمہ اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال کی مؤثر روک تھام کی جا سکے ۔فیڈریشن کے قائدین نے وزیر اعلیٰ کی مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی کو سراہا اور اُن کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ 21 اگست کو مسائل کے حل کے لیے دھرنا دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔