تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹراظہر جدون کے نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سی12سالہ بچہ جاں بحق

بدھ 16 اگست 2017 21:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹراظہر جدون کے نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سی12سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق بچے کے لواحقین نے معصوم بچے کی نعش سڑک پر رکھ کرمری روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی ہے۔بچے کے لواحقین کی رپورٹ پر مبینہ غفلت کے مرتکب ڈاکٹرکے خلاف تھانہ نواں شہر میں مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔

محلہ موسیٰ زئی نواں شہر کے رہائشی افتخاراحمد نے اس حوالہ سے تھانہ نواں شہر میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا 12سالہ بچے حذیفہ کا سکول میں بلڈپریشر کم ہوا۔حذیفہ کو فوری طور پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کے نجی ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا جہاں ہسپتال کی ایمرجنسی میں کوئی ڈاکٹرموجود نہیں تھا۔

(جاری ہے)

ڈیوٹی پر موجود ٹیکنیشن نے بچے کو غلط انجکشن لگایا جس پر بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق بچے کے لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعش مری روڈ پر رکھ کر سڑک ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی ۔سڑک بند ہونے کی اطلاع پر ڈی ایس پی سرکل میرپور امجد خان پولیس نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ آئے اورہسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ اندراج کی یقین دہانی پر روڈ ٹریفک کیلئے بحال کروایا۔تھانہ نواں شہر میں مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔