چوہدری شجاعت حسین کی سابق وزیر اعلی سندھ سید غوث علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور لیگی دھڑوں کو متحدکرنے پر غور کیا گیا،غوث علی شاہ کی چوہدری شجاعت کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی

بدھ 16 اگست 2017 19:43

چوہدری شجاعت حسین کی سابق وزیر اعلی سندھ سید غوث علی شاہ سے ان کی رہائش ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بدھ کو سابق وزیر اعلی سندھ سید غوث علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم لیگ(ق) کے جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ،سندھ کے صدر اسد جونیجو اور دیگربھی موجودتھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور لیگی دھڑوں کو متحدکرنے پر غور کیا گیا۔

سیدغوث علی شاہ نے چوہدری شجاعت کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں سید غوث علی شاہ کا مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے عزت دی ، انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات بہت زیادہ بگڑچکے ہیں ، اب بھی اصل مسلم لیگی اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں اگر وہ اب بھی باہر نہ نکلے تو خدانخواستہ ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور کوئی بڑا حاد ثہ رونما ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کی تو کافی عرصے سے کوششیں ہورہی ہیں لیکن اس مرتبہ ہمیں امید ہے کہ جس سمت، جس طرح سے اور جس تیزی سے کام ہورہا ہے ہم مسلم لیگی دھڑوں کو متحد کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں وقت آنے پر وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔ سندھ کے سابق وزیر اعلی سید غوث علی شاہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگوں کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں اورایک مشن کے تحت میرے پاس آئے ہیں جس کے تحت ہم سب کوشش کر رہے ہیں کہ مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کیا جائے انھوں نے جو باتیں مجھ سے کی ہیں ان سے میں نے اتفاق کیا ہے مجھے یقین ہے کہ اس دفعہ ہم مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اس کی پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے بہت خدمات ہیں، یہ پاکستان کو محفوظ رکھتے ہوئے دو لخت ہونے سے بچا سکتی ہے کیونکہ مسلم لیگ ایک فورس ہے۔