تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم، لیول مقررہ حد 1550 فٹ تک پہنچ گیا

بدھ 16 اگست 2017 18:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی، لیول اپنی مقررہ حد 1550 فٹ تک پہنچ گیا، بجلی کی پیداوار3258 میگاواٹ ہو گئی۔ تربیلا ڈیم کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح اپنی مقررہ حد 1550 تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی ہے جبکہ اضافی پانی کے اخراج کیلئے سپل وے کھول دیئے گئے ہیں جن سے 63600 کیوسک پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 203600 اور اخراج 174600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا اور تربیلا ڈیم کے 14 میں سے 13 پیداواری یونٹ کام کر رہے ہیں جن سے بجلی کی پیداوار 3258 میگاواٹ ہو گئی ہے۔ جنرل منیجر تربیلا ڈیم ارشد پرویز نے ڈیم میں پانی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پانی کی آمد زیادہ ہونے کی وجہ سے اس سال ڈیم اپنی ٹارگٹ تاریخ 20 اگست سے قبل ہی بھر گیا ہے، ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 3 ہزار 600 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 74ہزار 800 کیوسک ہے۔ تربیلا بجلی گھر میں بجلی کی موجودہ پیداوار 3 ہزار 232 میگاواٹ ہے، بجلی گھر کے 13 پیداواری یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، صرف ایک یونٹ بند ہے۔

متعلقہ عنوان :