حکومت قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کیلئے گھریلو صنعتوں کے فروغ پرتوجہ دے رہی ہے،عنایت اللہ

بدھ 16 اگست 2017 18:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس لئے صوبائی حکومت مقامی سطح پر ان و سائل سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے گھریلوں صنعتوں کی فروغ پر توجہ دے رہی ہے تا کہ نچلی سطح پر ان وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں برٹش کونسل اسلام آباد کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر بلدیات ، فنانس اور منصوبہ بندی و ترقیات کے اعلیٰ حکام اور افسران بھی موجود تھے۔سینئر وزیر کو بتایا گیاکہ خیبر پختونخوا حکومت اور برٹش کو نسل کے باہمی اشترا ک سے صوبے کے 7 اضلاع میں گھریلوں صنعتوں کے فروغ کیلئے مرد و خواتین کو یک سالہ ٹریننگ دی جائیگی اور تقریباً ایک سوچھوٹے پیمانے کے مختلف کاروبار کے فروغ کیلئے مرحلہ وار 2 تربیتی سیشن منعقد ہونگے اور انکی مارکیٹنگ کیلئے موثر اقدامات بھی کئے جائینگے جبکہ تربیتی پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 3 ہزار مقامی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی اس سلسلے میں تربیت دی جائیگی۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عنایت اللہ نے متعلقہ حکام کو مذکورہ تربیتی پروگرام کی افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر شروع کرنے اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو سمری بھجوانے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے برٹش کونسل کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ تربیتی پروگرام صوبے کے عوام کیلئے موثر ثابت ہوگا اور مستقبل میں " مقامی ، معاشی اورترقی "کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ قبل ازیں برٹش کونسل اسلام اباد کے نمائندوں نے تربیتی پروگرم کے بارے میں بریفنگ دی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔