پہلے بھی مخالفین کو شکست دی تھی این اے 120کے ضمنی انتخاب میں پہلے سے زیادہ مارجن سے جیتیں گے‘پرویز ملک

مخالفین کو’’میں‘‘کی روش ترک کرنا ہوگی،ورنہ تاریخ معاف نہیں کریگی،اس روش نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ہے‘وفاقی وزیر تجارت

بدھ 16 اگست 2017 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) وقافی وزیر برائے تجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پہلے بھی مخالفین کو شکست دی تھی انشاء اللہ ضمنی الیکشن میں پہلے سے زیادہ مارجن سے جیتیں گے، قومی منصوبوں پر سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز این اے 120میں الیکشن مہم کے دورتان مختلف کاکرنر میٹنگز کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سید توصیف شاہ ،شفقت حسین پاندہ، اظہر فاروقی، عامر خان،رانا احسن شرافت اور چوہدری عبدالمجید نمبردار سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے منصوبے ہم سب کے سانجھے منصوبے ہیں اور ہمیں ملکر ان منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے تاکہ عوام ان منصوبوں سے پوری طرح فائدہ اٹھا سکیں،مخالفین نے اگر’’میں‘‘کی روش کو ترک نہ کیا تو قوم انہیں معاف نہیں کرے گی،اس روش نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ہے،ملک و قوم کی خاطر ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا، مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ رواداری، شائستگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے،برداشت، تحمل اور بردباری کے جذبات کو فروغ دیکر ہی پاکستان کو امن کا گہوارا اور ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنارکیاجاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ بڑے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے اورتیزرفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اورملک ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔