وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال اور علاقائی و عالمی تناظر میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے تقاضوں کا جائزہ لیا گیا کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جانب سے متواتر فائرنگ کے واقعات پر اظہار تشویش، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور نہتے ومعصوم کشمیریوں پر مظالم کی مذمت دہشت گرد عناصر کے آخری نشان مٹانے تک انسداد دہشت گردی آپریشنز جاری رکھنے کا عزم

بدھ 16 اگست 2017 18:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) قومی سلامتی کی کمیٹی نے کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جانب سے متواتر سرحدپار فائرنگ کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے بغیر علاقائی امن اورترقی ممکن نہیں ۔ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال اور علاقائی و عالمی تناظر میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے تقاضوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے افغانوں پر مشتمل اور ان کی قیادت میں امن عمل کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ تمام سطحوں پر مل کر تمام رکاوٹوں بشمول باربار سرحدپار فائرنگ اورافغانستان میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث نیٹ ورکس کے خاتمے کا عزم کیا۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کی کمیٹی نے کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جانب سے متواتر سرحدپار فائرنگ کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور نہتے اورمعصوم کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کی۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقائی امن اورترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل نہیں نکالا جاتا۔

قومی سلامتی کی کمیٹی نے متفقہ طور پر آپریشن ردالفساد اورآپریشن خیبر فور سمیت انسداد دہشت گردی کے تمام آپریشنز میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہارکیا اور دہشت گرد عناصر کے آخری نشان مٹانے تک آپریشنز جاری رکھنے کا عزم ظاہرکیا۔کمیٹی نے ملک کے 70ویں یوم آزادی کو قومی جوش وجذبہ، اتحاد اورشاندار انداز میں منانے کو سراہا۔

اجلاس میں وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔