نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، صدر مسلم لیگ(ن) سندھ

بدھ 16 اگست 2017 18:08

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے لاہور تک کے تاریخی سفر نے ثابت کردیا کہ نواز شریف عہد حا ضر کے سب سے مقبول سیاسی رہنما ہیں، جنہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو کراچی کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر کی رہائش گاہ ’’کشمیر ہاؤس‘‘ میں یومِ آزادی کے موقع پر سینئر مسلم لیگی کارکنان کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔

تقریب میں محمد امین مانا، منتخب چیئرمین ندیم اختر آرائیں، چوہدری اسد حسین ، نواز اولکھ، نصراللہ، حبیب الرحمن، خالد سندھو، شہنازفیضی، مہنازاختر، راشدہ اے رزاق،خیرمحمدبلیدی، اقبال خاکسار، آزاد قادری، لیاقت علی، خلیل بلوچ، الیاس پاکستانی،سید نصیراحمد، سلیم انجم، شبیراحمدخان، امین سواتی خواجہ نیئرشریف،راناافتخار، سیدخالدزیدی، رمضان ملاح، سہیل ندیم، نورخان اخواندزادہ سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ نواز شریف نے تو سپریم کورٹ کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے اُسے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے کروڑوں عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی کے چشم کشا الزامات کی تحقیقات کیو ں نہیں کروائی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف قائم مقدمات کی پیروی میں تاخیر قوم کے لئے تشویش کا باعث ہے۔

اس موقع پر میزبان خواجہ طارق نذیر کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کو 14برس بعد پاکستان کا اقتدار ملا اس وقت ملک میں دہشت گردی اور توانائی کا بحران اپنے نکتہ عروج پر پہنچ چکا تھا،نواز شریف کو تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی لیکن انہوں نے تما م تر مشکلات کے باوجود سی پیک منصوبہ سمیت پاکستان کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے محبوب قائد کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو نا کام بنا دیں گے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد نواز شریف سندھ کا دورہ کریں گے جس کے دوران ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گااس کے لئے کارکنان عوام میں رابطہ مہم کو تیز کریں۔

متعلقہ عنوان :