شہریوں کی سہولت کے لیے آگ سے بچائو اور جانوں کی حفاظت ریگولیشن 2010 ؁ء کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے،شیخ انصر عزیز

بدھ 16 اگست 2017 17:56

شہریوں کی سہولت کے لیے آگ سے بچائو اور جانوں کی حفاظت ریگولیشن 2010 ؁ء ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عملے کوہدایت کی کہ وہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد آگ سے بچائو اور جانوں کی حفاظت ریگولیشن 2010 ؁ء کے نفاذ کو یقینی بنائیں اور اپنی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف جڑواں شہروں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں کیا۔ سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد ( ایم سی آئی) کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ اپریل2011 ؁ء سے اگست2017 ؁ء کے دوران دو زون میں تقسیم کیے گئے علاقوں 585 جنوبی ریجن اور676 شمالی ریجن کی عمارتوں کا معائنہ کیا گیا جہاں پر اسلام آباد آگ سے بچائو اور جانوں کی حفاظت کے ریگولیشن 2010 ؁ء کی روشنی میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

اس سلسلہ میں82 ایڈوائزری رپورٹس کے ساتھ ساتھ53 چالان، 82 بلڈنگ پلان کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جن عمارتوں کا دورہ کر کے معائنہ کیا گیا ان میںکیٹیگری کے حساب سی129رہائشی ،64 تعلیمی،26 اداروں،344کاروباری اداروں،77 اسمبلی،133مرکنٹائل ،337 انڈسٹریل، 109 سٹوریج اور دیگر عمارات شامل ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جن عمارتوں کا معائنہ کیا گیا ان میں 159 سرکاری عمارتیں بلکہ 1102پرائیویٹ عمارتیں شامل ہیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شعبے کے افسران اور عملہ کی تکنیکی مہارتوں کی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر جدید تربیتی پروگراموں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عملہ و افسران جدید تکنیکی مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کے بعد کسی بھی ناگہانی صورتحال پر قابو پاسکیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں حفاظتی و احتیاطی تدابیرسے عوام کی مکمل آگاہی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔