ایچ ای سی کے تعاون سے ہواوے آئی سی ٹی سکل کمپیٹیشن 2017ء کی افتتاحی تقریب

بدھ 16 اگست 2017 17:56

ایچ ای سی کے تعاون سے ہواوے آئی سی ٹی سکل کمپیٹیشن 2017ء کی افتتاحی تقریب
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) ہواوے نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے تعاون سے بدھ کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں ہواوے آئی سی ٹی سکل کمپیٹیشن 2017ء کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جس میں چینی سفارتخانہ کے ثقافتی کونسلر یو یی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر غلام رضا بھٹی، ہواوے پاکستان کے سی ای او چِلن چن، ہواوے مڈل ایسٹ پبلک ریلیشنز ڈیپاٹمنٹ کے نائب صدر سپیس لی اور دیگر آئی سی ٹی ماہرین اور پیشہ ور افراد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی اور ہوآوے کی شراکت کو دس سال مکمل ہوچکے ہیں اور اِن دس سالوں میں باہمی تعاون کی وجہ سے پاکستان میں خطہ کا ایک بہترین آئی سی ٹی انفراسٹرکچر وجود میں آ چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہواوے ایک آزمودہ پارٹنر ہے جس نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترویج میں ایچ ای سی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی اسکل کمپیٹیشن 2017پاکستانی طلباء کے لئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کاایک شاندار موقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2016ء کے مقابلہ میں پاکستان کی 30جامعات کے 2300 طلباء نے شرکت کی تھی۔ چینی سفارتخانے کے ثقافتی کونسلر جناب یو۔یی نے ایچ ای سی اور ہوآوے کے مابین تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلیمی تعاون کی ایک لمبی تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال 145پاکستانی طلباء چینی وظائف حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں جو کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے دنیا کو انفارمیشن کے دور میں لاکھڑا کر دیا ہے اور ہواوے آئی سی ٹی کی ترقی کے ذریعے دنیا میں وجود پذیر اس تبدیلی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلوں سے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتو ں کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں ہوآوے مڈل ایسٹ ٹریننگ اینڈ سرٹیفیکیشن کے ڈائریکٹر مسٹر ڈیوڈ اور پاکستانی طالب علم اسامہ خالد جنہوں نے سال 2016ء کے آئی سی ٹی اسکل کمپیٹیشن میں نمایاں کارکردگی دکھائی، نے بھی اظہارِخیال کیا۔ تقریب میں ہواوے آتھرائزڈ انفارمیشن نیٹ ورک اکیڈمی کے سلسلے میں ہوآوے کی پارٹنر جامعات کے نمائندگان کو شیلڈز بھی دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :