پیمرا کا’ٹی وی ون‘ کو کالے جادو کی ترغیب پر مبنی پروگرام نشر کرنے پر انتباہ

بدھ 16 اگست 2017 17:54

پیمرا کا’ٹی وی ون‘ کو کالے جادو کی ترغیب پر مبنی پروگرام نشر کرنے پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل ’ٹی وی ون‘ کو کالے جادو کی ترغیب پر مبنی مواد نشر کرنے پر انتباہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ پروگرام فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے ۔’ٹی وی ون‘ پر 6اگست 2017؁ء کو ایک ڈرامہ دکھایا گیا جس میں کالے جادو پر مبنی مناظر دکھائے گئے ۔

پیمرا قوانین کے مطابق اس طرح کے پروگرام دکھانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی متعلقہ شق کے مطابق ’پیمرا لائسنس ہولڈرز کالے جادو یا توہمات پرستی پر مبنی اشتہارات، عطائی ڈاکٹروں یا حکیموں کی ترویج یا اس طرح کے کسی مواد کو فروغ دینے والے پروگرام نہیں دکھائیں گے۔ ٹی وی چینل کا مذکورہ اقدام نہ صرف پیمرا قوانین بلکہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015؁ء کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

پیمرا نے ’ٹی وی ون‘ انتظامیہ کومذکورہ پروگرام فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کالے جادو کی ترویج پر مبنی پروگرام دکھانے پر انتباہ جاری کیا ہے ۔ علاوہ ازیںاتھارٹی نے ٹی وی ون کی انتظامیہ کو مستقبل میں اس طرح کی خلاف ورزیوں سے بچنے کے لئے ادارہ جاتی نگران کمیٹی کے قیام کا بھی حکم دیا ہے اور پندرہ روز میںاس کی تفصیلات جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :