کسٹم انٹیلی جنس کراچی کی کارروائی،

16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد، 2 ملزمان گرفتار

بدھ 16 اگست 2017 17:38

کسٹم انٹیلی جنس کراچی کی کارروائی،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی (اے ایس او) کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اے ایس او نے سینٹرل پلازہ، گل پلازہ نشیمن سینما کے قریب چھاپہ مار کر 166.159 ملین مالیت کے موبائل فون الیکٹرونکس اشیاء برآمد کر لیں۔

جاری اعلامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ملزمان نان کسٹم پیڈ اسمگلنگ کے سامان کی نقل و حرکت کر رہے ہیں جس پر ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی کا عملہ فوری ایکشن میں آگیا اور سینٹرل پلازہ نشیمن سینما کے قریب ایک ٹرالر کنٹینر پر چھاپہ مارکر نان کسٹم پیڈ اسمگل شدہ موبائل فون، ٹیبلٹ، ایل ای ڈی ٹی وی و دیگر الیکٹرونکس اشیاء برآمد کرکے 2 ملزمان ڈرائیور عدنان اور کارگو کئیرئیر ایجنٹ محمد جنید کو حراست میں لے کر برآمد شدہ سامان کو سیل کردیا جس کی مالیت 166.159 ملین (16 کروڑ 60 لاکھ) روپے ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان ٹرالر کنٹینر سے اشیاء شہزور ٹرک میں ہنڈا ویزل پائلٹ کار کے ہمراہ منتقل کر رہے تھے کہ اے ایس او کراچی کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ ملزمان کو کسٹم کی مقامی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن شوکت علی نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائیگا، اسمگلنگ کی روک تھام اور اسمگلرز کا قلع قمع کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے تاجروں سے بھی کہا کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو کسٹم ڈیوٹی و دیگر ڈیوٹیز کی چوری اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :