محکمہ ایکسائز میں خالی آسامیوں کے لئے ٹیسٹ ستمبر کے وسط میں منعقد کئے جائیں گے، مکیش کمار چائولہ

بدھ 16 اگست 2017 17:38

محکمہ ایکسائز میں خالی آسامیوں کے لئے ٹیسٹ ستمبر کے وسط میں منعقد ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی کے مہینے تک محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے 4524 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا، گزشتہ سال اس مدت میں 3612 ملین روپے وصول کئے گئے تھے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز عبدالعلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ انفرااسٹرکچر کی مد میں 2987 ملین روپے، پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 35 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 227 ملین روپے سے زائد وصول کئے گئے ہیں جبکہ باقی رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ایکسائز میں خالی آسامیوں پر درخواست دینے والے امیدواروں کے ٹیسٹ ماہ ستمبر کے وسط میں لئے جائیں گے اور یہ ٹیسٹ ضلع کی سطح پر منعقد کئے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اچھی کارکردگی کے حامل افسران کو نقد انعامات دینے کے لئے تقریب جلد منعقد کی جائے گی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چائولہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ محکمہ ایکسائز میں ڈائریکٹر کی آسامی 20 گریڈ کی جبکہ نئی تخلیق کردہ 8 آسامیاں ایڈیشنل ڈائریکٹر گریڈ 19 کی ہو گئی ہیں۔ انہوں نے سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات دیں کہ وہ غیر قانونی چیک پوسٹ یا چیک پوسٹ کے علاوہ گاڑیوں کی بلاوجہ تلاشی لینے والے ایکسائز کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پچھلے سال محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اپنے ہدف سے زیادہ ٹیکسز وصول کئے جو ایک مثال ہے۔