شجرکاری سے ہم ماحول کو آلودگی سے بچاسکتے ہیں، اقبال دھراج

بدھ 16 اگست 2017 17:30

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء)ریجنل ڈائریکٹر اکادمی ادبیات پاکستان ملتان اقبال دھراج نے کہا ہے کہ درخت عطیہ خداوندی ہیں ، شجرکاری کرکے ہم ماحول کو آلودگی سے بچاسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم ، آئی ایچ پی کے اشتراک سے شجرکاری کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

ملک صلاح الدین ڈوگر پارک ڈیرہ اڈا میں پودے لگانے کی تقریب کے موقع پر شاہد محمود انصاری ، عابدہ حسین بخاری ، اورنگزیب خان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ماحول سے وابستہ ایشوز سب سے بڑا چیلنج ہوں گے لہٰذا ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے اور ’’ہر آنگن ایک پودا‘‘ پراگر قوم عملدرآمد کرلے تو ہمارا شہر ، ہمارا ملک سرسبز و شاداب ہوجائے گا ، گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوسکتی ہے اور موسمی تغیرات کا مقابلہ بھی شجرکاری کے ذریعے کیا جاسکتا ہے ۔

خالد چٹھہ ، طارق عمر چوہدری ، صباء فیصل ، رخسانہ محبوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرسبز و ہریالی ہماری ضرورت ہے شجرکاری کرکے ہم اپنے شہر کو خوبصورت بناسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شعور ترقیاتی تنظیم گزشتہ 20 سالوں سے ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کے حوالے سے عملی جدوجہد پر عمل پیرا ہے ۔