ڈی جی زراعت کا کپاس کی نئی اقسام کی دریافت کے سلسلہ میں لگائے تجرباتی ٹرائلز کا معائنہ

بدھ 16 اگست 2017 17:30

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء)ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب سید ظفر یاب حیدر نقوی نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ پنجاب ملتان میں کپاس کی نئی اقسام کی دریافت کے سلسلہ میں لگائے گئے تجرباتی ٹرائلز کا معائنہ کیا ۔ تجرباتی رقبہ پر لگائی گئی کپاس کی نئی لائنز میں پودوں پر پھول، گوڈی اور ٹینڈوںکا مشاہدہ کیا ۔ اکثر کپاس کی چند نئی لائنز پر پھول گوڈی اور ٹینڈوں کی تعداد بڑی متاثر کن تھی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) نے کہا کہ اگر اس طرح کی اقسام کی تیاری میں موجودہ موسمی حالات، وائرس اور رس چوسنے والے کیڑوں کیخلاف قوت مدافعت اور پانی کی کمی برداشت کرنے کو مدنظر رکھا جائے تو کپاس کی پیداوار میں واضح اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھی اور کلائمیٹ سمارٹ اقسام ہی وقت کی ضرورت ہیں کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر کپاس کی ایسی اقسام کی دریافت ناگزیر ہوچکی ہے جو زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

(جاری ہے)

صرف اچھی اقسام اور بہتر مینجمنٹ ہی کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کی ضامن ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے ہمیشہ سے ہی کپاس کی اچھی پیداوار کی حامل اقسام کی دریافت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر صغیر احمد نے ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) کوسی آر آئی کے تحت لگائے گئے مختلف ٹرائلز بارے تفصیلاً بتایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) رانا احمد منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ہیڈ کوارٹرلاہور چوہدری نصیر احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، ممبر پنجاب ایگریکلچر کمیشن رانا ضیاء الحق و دیگر بھی موجود تھے۔